اسلام آباد: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے آج ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیار سیدوف کی ملاقات ہوئی۔ وزارتِ عظمی کے منصب پر دوسری مرتبہ منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے ازبک وزیر خارجہ نے ازبکستان کے صدر شوکت مرزیوئیف کی طرف سے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کو جلد از جلد ازبکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔
اس موقع پر، وزیراعظم نے ازبکستان کے صدر شوکت مرزیوئیف کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ ان سے ملاقات کے منتظر ہیں۔
دونوں فریقین کے درمیان ملاقات میں پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تجارت، معیشت، سیکورٹی، دفاع، سماجی روابط اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں افغانستان میں دیر پا امن اور ترقی کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ازبکستان کے ساتھ دوطرفہ تجارت اور دیگر منصوبوں کو تیزی سے مکمل کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے ازبکستان کو پاکستانی بندرگاہوں تک رسائی فراہم کرنے کے لیے باہمی مشاورت سے ایک مؤثر لائحہ عمل تشکیل دینے کی اہمیت پر زور دیا۔
مزید برآں، اپنی گفتگو میں انہوں نے ازبکستان-افغانستان-پاکستان ریلوے منصوبے کی اہمیت پر روشنی دالتے ہوئے اس کی جلد تکمیل کے لیے پاکستان کے عزم کا بھی اظہار کیا۔