اسلا م آباد پولیس کے ایس ایس پی آپریشنز ارسلان شاہزیب نے جمعہ کے روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ اغوا برائے تاوان کیس میں 4 سالہ بچے کو بازیاب کر لیا گیا ہے۔جبکہ تھانہ ترنول نے کاروائی کرتے ہوئے واردات میں ملوث مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا۔
دیگر پولیس افسران اور بازیاب شدہ بچے ابو بکر کے ہمراہ ایس ایس پی نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ ملزم نے ساتھی ملزمان کے ہمراہ کمسن بچے کو 50لاکھ تاوان کے غرض اغواءکیا۔بچہ 30 دسمبر کو لاپتہ ہوا بعد ازاں ملزمان نے فون کال کے ذریعے بچے کے والد کو 50 لاکھ روپے تاوان کے ہمراہ لنڈی کوتل بلایا۔
اغواءکی اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری مقدمہ نمبر993 بجرم /A-364 ت پ تھانہ ترنول درج کیا۔اور بچے کی بازیابی کے لیے خصوصی پولیس ٹیم تشکیل دی۔پولیس نے ٹیکنیکل اور انسانی ذرائع کی مدد سے بچے کو قلیل وقت میں ٹریس کیا۔
انہوں نے بتایا واردات کا مرکزی ملزم مدعی کا پڑوسی اختر نواز ہے۔جس نے بچے کو گلی سے اثھایا اور کچھ دور جا کر دیگر ساتھیوں کے حوالے کر دیا۔جو بچے کو لے کر پشاور لے کر گئے۔گرفتار ملزم کو قرار واقعی سزا دلوانے کیلئے تمام قانونی تقاضے پورے کئے جائیں گے۔
ایس ایس پی ارسلان شاہزیب نے بتایا کہ یہ اسلام آباد پولیس کے پاس اغوا برائے تاوان کا واحد مقدمہ ہے۔جس میں پولیس کو کامیابی ملی ہے۔اس کے علاوہ اسلام آباد میں وفاقی دارالحکومت میں اغوا کے دیگر مقدمات بھی ہیں جن پر پولیس کی تفتیش جاری ہے۔سی این این اردو کے سوال کر ایس ایس پی نے شہر میں اغوا کے مقدمات کی تعداد اور تفصیل بتانے سے گریز کیا۔جبکہ ہمارے ذرائع کے مطابق لاپتا بچہ اپنے ہی علاقے میں اکیلا پھرتا ہوا پایا گیا جس کو والدین کے حوالے کر دیا گیا۔