بادشاہ چارلس نے وزیرِ اعظم کو اکتوبر میں سموئہ میں منعقد ہونے والے دولت مشترکہ کے حکومتی سربراہان کے اجلاس (CHOGM) میں شرکت کی باقائدہ دعوت دی. دعوت کو قبول کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ سموئہ میں CHOGM کا انعقاد دولت مشترکہ کی تاریخ کا ایک اہم اجلاس ہوگا کیونکہ شاہ چارلس کی بادشاہت سنھبالنے کے بعد یہ پہلا دولتِ مشترکہ کا اجلاس ہوگا جس کی وہ بذات خود صدارت کریں گے.
ترجمان وزیراعظم آفس کے مطابق، وزیرِ اعظم نے پاکستان کے دولت مشترکہ اور اسکے چارٹر پر عملدرآمد کے عزم کا اعادہ کیا. انہوں نے کہا کہ سموئہ میں CHOGM دولتِ مشترکہ کے ممالک کے مابین مختلف امور بالخصوص پائیدار ترقی، جمہوری اداروں کی مضبوطی اور دولت مشترکہ کے نوجوانوں کی ترقی کیلئے تعاون کو فروغ دے گا.
شاہ چارلس سوم کی ماحولیاتی امور میں خصوصی دلچسپی اور موسمیاتی پائیداری کیلئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ سموئہ میں دولت مشترکہ کے قائدین کے ساتھ موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوگا.
وزیرِ اعظم نے بادشاہ چارلس سوم کی صحت کے بارے دریافت کیا اور عالیہ مرتبت ویلز کی شہزادی کے علاج کی تکمیل پر نیک خواہشات کا اظہار کیا.
عالی مرتبت بادشاہ چارلس سوم کے پاکستان کے گزشتہ دورے، جب وہ ویلز کے شہزادے تھے، کا ذکر کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے امید ظاہر کی کہ بادشاہ اور عالیہ مرتبت ملکہ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے.