سعودی وفد نے اسلامی یونیورسٹی کے طلبا کے انٹرویوز لے کر ملازمت کے لیے انتخاب کیا
اسلام آباد میں شعبہ سول انجینئرنگ کے ماہرین کے ایک سعودی وفد نے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں سول انجینئرنگ سے متعلقہ اسامیوں پر بھرتی کی غرض سے دورے کے دوران یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر ھذال حمود العتیبی سے نیو کیمپس میں ملاقات کی ۔
ماہرین کے وفد میں ایسز نامی سعودی کمپنی کےریجنل منیجر منصور الشغاب اور برانچ مینیجر تبوک انجینئر ایمن تنینہہ شامل تھے۔وفد نے فیکلٹی میں پیشہ ورانہ مہارت کی سطح کو سراہا اور طلباء کی صلاحیتوں کی تعریف کی۔ انہوں نے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے صدر کو سول لیب انجینئرز، لیب ٹیکنیشنز، سول سرویئرز، ایچ ایس ای آفیسرز، جیو ٹیکنیکل ڈرلرز کی خدمات حاصل کرنے کے لیے اپنے دورہ پاکستان کے بارے میں آگاہ کیا۔
صدر جامعہ نے وفد کو فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے مختلف اہم فورمز کے ساتھ الحاق کے ساتھ ساتھ اس کی کامیابیوں اور سرگرمیوں کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ کے نو تشکیل کردہ اسٹریٹجک پلان کے وژن میں حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں اکیڈمک ایکسیلنس اور انڈسٹری، اکیڈمی روابط جیسے اہداف کے حصول میں فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
اجلاس میں ڈاکٹر خا نزیب جدون، ڈاکٹر راشد فاروق اور دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔
محکمہ سول انجینئرنگ کے سابق طلباء اور دیگر یونیورسٹیوں کے امیدواروں نے سی وی فراہم کیے اور منتخب امیدواروں کو موقع آفر لیٹر دیے گئے۔