پاکستان بزنس ایسوسی ایشن کوریا (PBA) زیر اہتمام جنوبی کوریا میں جشن آزادی ،معرکہ حق کے حوالے سے شاندار تقریب

گو یانگ سٹی، 17 اگست:پاکستان بزنس ایسوسی ایشن کوریا اور پاکستان ایمبیسی کوریا کے زیرِ اہتمام، پاکستان اسٹوڈنٹ ایسوسی ایشن کوریا کے تعاون سے یومِ آزادی کے موقع پر ایک شاندار اور رنگا رنگ تقریب گو یانگ سٹی میں منعقد ہوئی۔ اس پروقار تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کے افراد کے ساتھ ساتھ بڑی تعداد میں کورین مہمانوں نے بھی شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے ہوا۔ اس کے بعد پاکستان اور جنوبی کوریا کے قومی ترانے بجائے گئے جنہیں شرکاء نے احترام کے ساتھ کھڑے ہو کر سنا اور اپنے اپنے وطن کے ساتھ عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔

مہمانِ خصوصی کے پیغامات

گویانگ سٹی کے میئر (Lee dong Hwan)نےپاکستان کو یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کی اور پاک-کوریا ثقافتی و اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

پاکستان کے سفیر سید معظم علی شاہ نے اپنے خطاب میں پی بی اے کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی دراصل پاکستان کے غیر رسمی سفیر ہیں، جو دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جا سکتے ہیں۔

تقریب کی نمایاں جھلکیاں

پاکستان اور کوریا کے درمیان تجارتی و معاشی تعلقات کے فروغ کے لیے دو اہم مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر دستخط کیے گئے، جن پر گو یانگ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوریا نے دستخط کیے۔

ملی نغموں اور موسیقی سے شرکاء نے بھرپور لطف اٹھایا، جبکہ پاکستان سے آئے فنکار علی عباس اور مناہل ابرار نے شاندار پرفارمنس دی۔

معروف یوٹیوبر مسٹر الیکس کی نے پاکستان کے حسین سیاحتی مقامات اور اپنے تعلیمی منصوبوں پر مبنی ڈاکومنٹری پیش کی، جسے حاضرین کی جانب سے بے حد پسند کیا گیا۔

پی بی اے قیادت، بشمول صدر رحیم شاہ، چیئرمین مدثر چیمہ، جنرل سیکرٹری میاں صغیر احمد اور نائب صدر محمد کاظم نے اپنے خطابات میں کمیونٹی اتحاد، پاکستان کی آزادی کی اہمیت اور پاک-کوریا تعلقات کے فروغ پر زور دیا۔

تقریب میں پاکستانی اور کوریائی کمیونٹی کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ آخر میں منہاج القرآن کے علامہ رضا قادری نے اختتامی دعا کروائی۔

یہ تقریب ’’جشنِ آزادی (معرکۂ حق)‘‘ کے تھیم کے تحت کامیابی سے اختتام پذیر ہوئی۔

About The Author

اپنا تبصرہ لکھیں