پاکستان کی 78 ویں یوم آزادی کے موقع پر پاکستانی ایمبیسی ویانا اسٹریا میں پرچم کشائی کی پر وقار تقریب

14 اگست، پاکستان کے 78 ویں یوم آزادی اور معرکۂ حق کی مناسبت سے سفارتخانۂ پاکستان ویانا، آسٹریا میں ایک شاندار پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔ اس تقریب کی صدارت سفیرِ پاکستان محمد کامران اختر نے کی، جس میں آسٹریا کے مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے پاکستانی کمیونٹی کے مرد، خواتین اور بچے بڑی تعداد میں شریک ہوئے اور اپنے پیارے وطن سے محبت کا والہانہ اظہار کیا۔

تقریب کا آغاز منظور احمد کی خوبصورت تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا، جب کہ اسٹیج سیکریٹری کے فرائض ہیڈ آف چانسری عدیل خان افریدی نے انجام دیے۔ انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کو یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کی اور تقریب میں شرکت پر مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

بعد ازاں سفیرِ پاکستان محمد کامران اختر نے قومی سبز ہلالی پرچم بلند کیا اور صدرِ مملکت، وزیرِاعظم اور وزیرِ خارجہ پاکستان کے یومِ آزادی اور معرکۂ حق کے پیغامات حاضرین کو سنائے۔

اپنے خطاب میں سفیرِ پاکستان نے قیامِ پاکستان کے لیے بانیانِ پاکستان کی عظیم قربانیوں اور قائداعظم محمد علی جناح کی بصیرت افروز قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کو ایک جمہوری، ترقی پسند اور جدید اسلامی ریاست کے طور پر قائداعظم کے وژن کے مطابق آگے بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کاوشوں اور دہشت گردی کے خلاف کامیابیوں کو بھی اجاگر کیا۔

سفیر نے پاکستانی کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ باہمی اتحاد برقرار رکھیں اور وطنِ عزیز کے خلاف منفی پروپیگنڈے کا پرامن انداز میں مقابلہ کریں۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا کی گئی اور پھر سفیرِ پاکستان نے پاکستانی کمیونٹی کے ہمراہ یومِ آزادی کا کیک کاٹا۔

About The Author

اپنا تبصرہ لکھیں