پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی میں 78واں یومِ آزادی شاندار انداز میں منایا گیا

راولپنڈی — پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی میں 78واں یومِ آزادی ملی جوش و جذبے اور پُروقار انداز میں منایا گیا۔ اس موقع پر ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمرالزمان نے رجسٹرار محمد عقیل سلطان، ڈینز، ڈائریکٹرز، فیکلٹی، انتظامیہ اور عملے کے ہمراہ قومی پرچم لہرایا اور پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی۔

اپنے خطاب میں وائس چانسلر نے کہا کہ 14 اگست صرف آزادی کا دن نہیں بلکہ قربانی، عزم اور مسلسل جدوجہد کی لازوال داستان ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کا ہر شہری اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک کی ترقی اور خوشحالی میں کردار ادا کرے۔ انہوں نے افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں ہماری مسلح افواج مادرِ وطن کے دفاع میں ہر محاذ پر کامیابی سے خدمات انجام دے رہی ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے شہدائے وطن کو بھی یاد کیا اور کہا کہ حالیہ آپریشن “بنیان مرصوص” اور “معرکۂ حق” کی کامیابیاں پاکستان کے مضبوط اور ناقابلِ تسخیر دفاع کا واضح ثبوت ہیں۔

تقریب میں یومِ آزادی کا خصوصی کیک کاٹا گیا جبکہ مرکزی کیمپس اور سب کیمپس اٹک میں شجرکاری بھی کی گئی۔ وائس چانسلر نے نوجوانوں کو پیغام دیتے ہوئے تعلیم کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ ترقی یافتہ ممالک کی صف میں پاکستان کو ممتاز مقام دلانے کے لیے نوجوانوں کا تعلیم یافتہ ہونا ناگزیر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بارانی یونیورسٹی جدید طرزِ تعلیم اور عصری تقاضوں کے مطابق تدریسی سہولیات فراہم کر رہی ہے تاکہ طلباء عملی اور نظری دونوں میدانوں میں بہترین کارکردگی دکھا سکیں۔

About The Author

اپنا تبصرہ لکھیں