پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سانحہ 9 مئی کی برسی پر پیغام دیتے ہوئے واقعات کی مذمت کی ہے۔
جمعرات کے روز بلاول بھٹو کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 9 مئی کا دن بھی ملکی تاریخ کا ایک اور سیاہ دن ہے.انصاف کا تقاضا ہے کہ قائداعظم کے گھراور فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کو قانون کا سامنا کرنا ہوگا.
9 مئی کے واقعات ملک میں انارکی پھیلانے اور فسطائیت مسلط کرنے کی گھناونی سازش تھے۔سب کو پتا ہے کہ 9 مئی کے قابلِ مذمت واقعات کس کے اُکسانے اور کس کی ایماء پر کیے گئے۔
پاکستان 9 مئی کے واقعات پر مٹی پاوَ کا متحمل نہیں ہوسکتا۔پاکستان کی سیاسی تاریخ میں کسی سیاسی جماعت کی جانب سے ایسے اقدام کی کوئی مثال نہیں ملتی۔
ملک کی خفیہ دستاویزات کو لیک کرنا اور فوجی تنصیبات پر حملے کرنا سیاست نہیں، ملک دشمنی ہے۔پیپلز پارٹی آج بھی اپنے اس موقف پر قائم ہے کہ 9 مئی واقعات کی چیف جسٹس کی سربراہی میں جوڈیشل انکوائری ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سمیت تمام پارٹیوں کو یقین دہانی کرانا ہوگی کہ جوڈیشل کمیشن کا جو بھی فیصلہ ہوگا اسے تسلیم کیا جائے گا۔