افغانستان میں بچوں کی غذائی قلت کی بدترین لہر، اقوام متحدہ کا انتباہ

اقوام متحدہ کی عالمی ادارہ برائے خوراک (WFP) نے خبردار کیا ہے کہ افغانستان اس وقت بچوں میں غذائی قلت کی اپنی تاریخ کی “سب سے شدید لہر” کا سامنا کر رہا ہے۔ ادارے کے مطابق ملک کی سب سے کمزور اور متاثرہ آبادی کی مدد کے لیے فوری طور پر 539 ملین ڈالر درکار ہیں۔

تقریباً ایک کروڑ افراد، جو افغانستان کی کل آبادی کا چوتھائی حصہ بنتے ہیں، شدید غذائی عدم تحفظ کا شکار ہیں، جبکہ ہر تین میں سے ایک بچہ غذائی کمی کے باعث نشوونما میں رکاوٹ کا شکار ہے۔

سی این این کے مطابق، WFP کا کہنا ہے کہ غذائی قلت میں اس اضافے کی ایک بڑی وجہ گزشتہ دو برسوں کے دوران ہنگامی خوراک امداد میں کمی ہے، جس کی وجہ عالمی عطیہ دہندگان کی جانب سے مدد میں کمی ہے۔ اپریل میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے افغانستان کے لیے خوراک کی امداد بند کر دی، حالانکہ امریکہ گزشتہ برس WFP کا سب سے بڑا عطیہ دہندہ تھا، جس نے 9.8 ارب ڈالر کی مجموعی عالمی امداد میں سے 4.5 ارب ڈالر فراہم کیے تھے۔ ماضی کی امریکی حکومتیں ایسی امداد کو قومی سلامتی سے جوڑ کر دیکھتی تھیں تاکہ غربت، انتہاپسندی، تنازعات اور مہاجرت پر قابو پایا جا سکے۔

افغانستان میں غذائی بحران کی شدت میں مزید اضافہ ان پڑوسی ممالک کی جانب سے ہو رہا ہے جو غیر قانونی افغان تارکین وطن کو زبردستی واپس بھیج رہے ہیں۔ WFP کے مطابق، ادارے نے گزشتہ دو ماہ میں ایران سے واپس آنے والے 60 ہزار افغان شہریوں کی مدد کی، جو اصل واپسیوں کی تعداد کا محض ایک حصہ ہے۔ ادارے کے رابطہ افسر ضیاء الدین صافی کے مطابق:
“فی الوقت WFP کے پاس واپس آنے والے تمام افغان شہریوں کی امداد کے لیے فنڈز موجود نہیں، اور صرف ایران سے واپس آنے والوں کی مدد کے لیے 15 ملین ڈالر کی فوری ضرورت ہے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ جنوری تک افغانستان بھر میں متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے مجموعی طور پر 539 ملین ڈالر درکار ہوں گے۔

موسمیاتی تبدیلی بھی افغان عوام، بالخصوص دیہی علاقوں میں بسنے والوں، کے حالاتِ زندگی کو شدید متاثر کر رہی ہے۔

افغان نیشنل انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کے سربراہ مطیع اللہ خالص نے گزشتہ ہفتے کہا کہ خشک سالی، پانی کی قلت، زرعی زمین میں کمی اور اچانک آنے والے سیلاب، عوام اور معیشت پر “انتہائی گہرا اثر” ڈال رہے ہیں۔

About The Author

اپنا تبصرہ لکھیں