راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس نے سینئر اینکر پرسن ارشد شریف شہید، حیات الله شہید، محمد صدیق مینگل شہید سمیت تمام شہدائے صحافت کے قاتلوں کی سراغ رسانی کرکے انکے کیفر کردار تک پہچانے کا مطالبہ کیا ہے اور آزادی اظہار پر ریاستی جبر اور ہتھکنڈوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انہیں آزادی صحافت کے منافی قرار دیا ہے۔
جمعہ کے روز پارلیمنٹ باؤس کے باہر عالمی یوم صحافت کے حوالے سے منعقدہ احتجاجی مظاہرے میں مقررین نے پاکستان کو صحافیوں کیلئے غیر محفوظ خطہ قرار دیتے ہوئے فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ مقررین نے زور دیا ہے کہ حکومت اور حکومتی ادارے پاکستان میں رول آف لاء پر عملدرآمد کروائیں۔ پاکستان میں ایک طرف صحافیوں کو حکومتی جبر کا سامنا ہے تو دوسری طرف صحافی اور میڈیا ورکرز دہشت گردوں، مافیاز اور کرمنلز کے نشانے پر ہیں۔ احتجاجی مظاہرے سےراولپنڈی اسلام أباد یونین أف جرنلسٹس کے صدر شکیل احمد سینٹر مشتاق احمد خان، ارشد شریف کی اہلیہ جویریہ صدیق، صدیق جان، جمیل فاروقی، سابق صدر نیشل پریس کلب شکیل قرار ، ہرمیت سنگھ، ڈاکٹر بشیر احمد، مزدور محاذ کے صدر شوکت چوہدری ، ڈاکٹر بشیر احمد، فرحت فاطمه، طارق عثمانی، فرح نواز بھٹی، ڈاکٹر امرلال سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا۔