بوسنیا و ہرزیگووینا کے مفتی اعظم نے فیصل مسجد میں نماز جمعہ ادا کی

اسلام آباد: بوسنیا اور ہرزیگوینا کی اسلامی برادری کے مفتی اعظم ڈاکٹر حسین ایف کاوازوچ نے فیصل مسجد میں نماز جمعہ ادا کی جس کے بعد انہوں نے مسلم ممالک کو متحد ہونے کی تلقین کی اور فلسطینی مسلمانوں پر مظالم کے خاتمے کے لیے دعا کی۔

فیصل مسجد میں مفتی اعظم کا استقبال بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے سربراہ شعبہ پروٹوکول و تعلقات عامہ ناصر فرید نے کیا۔ انہوں نے صدر جامعہ ڈاکٹر ھذال حمود العتیبی کی جانب سے مفتیِ اعظم کے لیے نیک خواہشات ان تک پہنچائیں۔ انہوں نےصدر جامعہ کی طرف سے دلی مبارکباد مفتیِ اعظم تک پہنچاتے ہوے بتایا کہ 23 مارچ کے موقع پر صدر پاکستان کی طرف سے مفتیِ اعظم کو ستارہ قائد اعظم ایوارڈ پر ڈاکٹر ھذال نے دلی مبارکبادبھی دی ہے۔ ڈاکٹر حسین ایف کاوازوچ نے نیک خواہشات اور مبارکباد پر یونیورسٹی کے صدر کا شکریہ ادا کیا۔

فیصل مسجد میں نماز جمعہ میں بوسنیا اور ہرزیگوینا کے سفیر ایمن کوہوڈاریوچ، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے حکام، مختلف مسلم ممالک کے سفارت کاروں، ممتاز مذہبی و سیاسی شخصیات اور جڑواں شہروں سے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

مفتی اعظم نے عالم اسلام کے استحکام، پاکستان کی ترقی اور غزہ کے مسلمانوں کے لیے دعا کی کہ اللہ ان کی مشکلات ختم کرے۔ انہوں نے بوسنیا اور پاکستان کے عوام کے درمیان دوستی کے گہرے رشتوں کو بھی سراہا۔

اپنا تبصرہ لکھیں