پاکستانی امریکن کمیونٹی ملکی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکتے ہیں: سفیر پاکستان کا نیو یارک میں یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب

امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے اس امر کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سیاسی استحکام اور اقتصادی ترقی کی طرف بڑھ رہا ہے پاکستانی امریکیوں اور خاص طور پر نیویارک میں مقیم پاکستانیوں سے کہا ہے کہ وہ پاکستان کی ترقی اور اسے مضبوط قوم بنانے میں بھرپور حصہ لیں ۔
انہوں نےزور دیا کہ پاکستان کی معاونت کرتے رہیں اور پاکستان میں سرمایہ کاری کرتے رہیں۔آپ کے تعاون سے پاکستان میں ایک بہت بڑی مثبت تبدیلی آئے گی۔ آپ پاکستان کی اقتصادی ترقی اور کامیابی کے ساتھ ساتھ پاکستان اور امریکہ کے درمیان پُل کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میئر نیو یارک سٹی ایرک ایڈمز اور سٹی کے سینئر حکام کے ہمراہ باؤلنگ گرین میں پرچم کشائی کی تقریب کے موقع پر پاکستانی تارکین وطن کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب کا اہتمام میئر نیو یارک آفس، امریکن پاکستانی پبلک افیئرز کمیٹی اور امریکن پاکستانی ایڈووکیسی گروپ نے کیا تھا۔
سفیر پاکستان مسعود خان اور میئر ایرک ایڈمز نےمل کر امریکہ اور پاکستان کے پرچم لہرائے۔ تقریب میں تقریباً دو سو پاکستانی امریکیوں اور حکام شریک ہوئے۔

پاکستانی امریکیوں کے تعاون کا اعتراف کرتے ہوئے مسعود خان نے کہا کہ وہ پہلے ہی پاکستان میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔لیکن اس سرمایہ کاری کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے خاص طور پر کان کنی میں، زراعت میں، ٹیک اسٹارٹ اپس میں، مینوفیکچرنگ میں، خدمات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔
ملک کے روشن مستقبل کی پیشین گوئی کرتے ہوئے سفیر نے کہا کہ مایوسی اور بددلی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ امریکہ آپ کا موجودہ وطن ہے۔ پاکستان آپ کا مادر وطن ہے۔ اور پاکستان کے ساتھ یہ مضبوط رشتہ کبھی ٹوٹ نہیں سکتا۔ یہ آپ کے ڈی این اے میں رہے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک مضبوط ملک ہے۔اس کا مستقبل روشن ہے اور آپ اس روشن مستقبل کے معمار بن سکتے ہیں ۔

کمیونٹی کو افواہوں، جعلی افسانوں اور من گھڑت کہانیوں پرکان نہ دھرنے کا مشورہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی امریکیوں نے گذشتہ مالی سال کے دوران 3 بلین ڈالر پاکستان بھجوائے۔ اس سے پہلے سال بھی اتنی ہی رقم پاکستان بھیجی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس کا مطلب یہ ہے کہ پاکستانی امریکیوں کی پپاکستانی معیشت سے کنارہ کشی کرنے کی افواہیں درست نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کئی خلیجی ممالک اور امریکی، امریکی کمپنیاں اور کارپوریٹ ادارے پاکستان میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔ آپ بھی اس میں شریک ہو سکتے ہیں۔

سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان کی شرح نمو متاثر کن ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہم ترقی کریں گے اور ہم چاہتے ہیں کہ پاکستانی امریکن کمیونٹی اور بالخصوص نیو یارک سٹی میں مقیم پاکستانی اس کاوش میں شریک ہوں۔

سفیر پاکستان نے نیویارک شہر میں سمندر پار پاکستانیوں کوزندگی کے ہر شعبے میں شامل کرنے پر نیویارک کے میئر ایرک ایڈمز اور سٹی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیویارک شہر امریکہ کا سب سے بڑا شہر ہے جس کی آبادی دس ملین اور جی ڈی پی 2 ٹریلین ڈالر ہے۔ یہ ایک متاثر کن معیشت ہے جس کی آبیاری امریکیوں ، پاکستانی امریکن اور دیگر کمیونٹیز ہر سال کرتی ہیں۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ واشنگٹن ڈی سی ریاستہائے متحدہ امریکہ کا دارالحکومت ہے جبکہ نیویارک دنیا کا دارالحکومت ہے ۔

نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے سفیر پاکستان کو نیو یارک آنے پر خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ وہ وہ تنوع کی طاقت پر یقین رکھتے ہیں اور اسے امریکی زندگی کے اہداف کو حاصل کرنے کے لیے ایک مؤثر ذریعہ سمجھتے ہیں۔ انہوں نے ایک پاکستانی امریکن پولیس آفیسر عدید فیاض کو ڈیوٹی کے دوران شہادت پانے پر خراج تحسین پیش کیا۔

نیویارک اسٹیٹ اسمبلی کی رکن جینیفر راجکمار نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستانی کمیونٹی کو پاکستان کی77ویں یوم آزادی کی مبارکباد دی۔
نیویارک پولیس کے پہلے پاکستانی نژاد امریکی ڈپٹی انسپکٹر عدیل رانا نے نیو یارک سٹی گورنمنٹ میں پاکستانی امریکن کی نمائندگی کو اجاگر کیا اور ہر شعبے میں نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ کردار ادا کرنے پر زور دیا۔
میئرآفس میں مسلم خواتین سے رابطہ کاری کی افسر عطیہ شہناز نے تحریک آزادی کے دوران محترمہ فاطمہ جناح، بیگم رعنا لیاقت علی، لیڈی ہارون، سلمیٰ تصدق علی جیسی خواتین رہنمائوں کی جدوجہد اور قربانیوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے پاکستانی تارکین وطن کے ممبران کی مثبت سرگرمیوں کو اجاگر کیا۔ نفرت پر مبنی جرائم کی روک تھام کے لیے میئر آفس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر حسن نوید نے کہا کہ پرچم کشائی کی تقریب پاکستانی ورثے اور روایات کو تسلیم کرنے کی عکاس ہے ۔ کمشنر مینوئل کاسترو، کمشنر نیویارک شہر برائے امیگرنٹ افیئرز نے اپنے ریمارکس میں امریکن پاکستانی ایڈووکیسی گروپ، پاکستانی امریکن یوتھ آرگنائزیشن، پاکستانی امریکن لاء انفورسمنٹ سوسائٹی، امریکن کونسل برائے اقلیتی خواتین، پاکستانی امریکن اسکلڈ ویمن آرگنائزیشن، اسلامک سرکل آف نارتھ امریکہ کونسل آف پیپلز آرگنائزیشن کی خدمات کو سراہا۔

نیو یارک سٹی کے کمشنر برائے بین الاقوامی امور ایڈورڈ مرمیلسٹین نے کہا کہ پرچم کشائی کی تقریب پاکستان کی شاندار تاریخ اور ثقافت اور پاکستانی نیو یارکرز کے اعزاز میں منائی جا رہی ہےجس نے نیویارک شہر میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں