اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن نے پاکستانی لڑکیوں کی چین سمگلنگ کرنے والا گروہ گرفتار

یف آئی اے امیگریشن نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے پاکستانی لڑکیوں کو شادی کے بہانے چین سمگل کرنے والے منظم گروہ کے تین افراد کو گرفتار کر لیا۔

گرفتار ملزمان اور ان کا طریقہ واردات
ترجمان ایف ائی اے کے مطابق ، گرفتار ملزمان کی شناخت شوگئی (یوسف)، عبد الرحمٰن اور محمد نعمان کے نام سے ہوئی ہے۔ یہ گروہ غریب اور ضرورت مند لڑکیوں کو ملازمت اور شادی کے نام پر دھوکہ دے کر چین سمگل کرنے میں ملوث تھا۔

ملزمان متاثرہ لڑکی کو پرکشش ملازمت اور بہتر مستقبل کا جھانسہ دے کر چین لے جانے کی کوشش کر رہے تھے۔ وہ چین جانے والی فلائٹ CZ6034کے ذریعے روانہ ہو رہے تھے جب ایف آئی اے نے انہیں حراست میں لے لیا۔

منظم نیٹ ورک میں خواتین کی شمولیت
ابتدائی تحقیقات کے مطابق، یہ گروہ پاکستانی لڑکیوں کی چینی شہریوں سے شادی کروا کر انہیں چین بھیجنے کا کام کرتا تھا۔ گروہ میں کئی خواتین بھی شامل ہیں جو ضرورت مند لڑکیوں کو تلاش کرکے انہیں شادی پر آمادہ کرتی تھیں۔

سمگلنگ کا طریقہ کار
– متاثرہ لڑکیوں کا ڈیٹا اور دستاویزات عبد الرحمٰن اور محمد نعمان جیسے ایجنٹوں کو فراہم کیے جاتے۔
– یہ ایجنٹ چینی ایجنٹ پاول کے ساتھ مل کر کام کرتے، جو بھاری رقوم کے عوض چینی کلائنٹس کا بندوبست کرتا۔
– عبد الرحمٰن اور نعمان لڑکیوں کے سفری دستاویزات اور دیگر سہولت کاری میں بھی ملوث تھے۔

متاثرہ لڑکی کے ساتھ مالی لین دین
ملزمان نے متاثرہ لڑکی کی والدہ سے 10 لاکھ روپے میں معاہدہ کیا تھا، جس میں سے 1.5 لاکھ روپے کی ادائیگی کی جا چکی تھی۔ مزید یہ کہ ملزمان نے لڑکی کو بلیک میل کرنے کے لیے اس سے 10 لاکھ روپے کے قرض کا اسٹامپ پیپر بھی حاصل کر رکھا تھا۔

قانونی کارروائی
ملزمان کو گرفتار کرکے مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے انسدادِ انسانی سمگلنگ یونٹ اسلام آبادمنتقل کر دیا گیا ہے۔

About The Author

اپنا تبصرہ لکھیں