راولپنڈی (30 جولائی 2025) — یونیورسٹی انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی (UIIT)، پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی میں سالانہ اوپن ہاؤس اور جاب فیئر 2025 کا کامیابی سے انعقاد کیا گیا۔ اس اہم تقریب میں تعلیمی ماہرین، صنعتکاروں، پالیسی سازوں اور طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمرالزمان مہمانِ خصوصی تھے، جنہوں نے نہ صرف تقریب کا افتتاح کیا بلکہ طلباء کے تیار کردہ ٹیکنالوجی پراجیکٹس کا معائنہ کرتے ہوئے اُن سے بات چیت بھی کی۔ اس موقع پر رجسٹرار محمد عقیل سلطان، مختلف فیکلٹیز کے ڈینز، ڈائریکٹرز، فیکلٹی ممبران اور انڈسٹری کے نمائندگان بھی موجود تھے۔
اپنے خطاب میں وائس چانسلر نے تعلیم اور صنعت کے درمیان مضبوط روابط کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ “نئی ٹیکنالوجیز کو فروغ دینے اور اختراعی سوچ کو عملی شکل دینے کے لیے تعلیمی اداروں اور صنعتی شعبے کا اشتراک ناگزیر ہے۔ یہ شراکت داری قومی ترقی کی راہ ہموار کرتی ہے۔”
تقریب میں ملک بھر سے ٹیکنالوجی، آئی ٹی اور متعلقہ شعبوں سے وابستہ 60 سے زائد معروف کمپنیوں نے شرکت کی۔ ان کے نمائندگان نے طلباء کے منصوبے دیکھے اور انٹرویوز کے بعد 45 طلباء کو ملازمتیں جبکہ 80 سے زائد کو انٹرن شپ کی پیشکش کی گئی۔
اوپن ہاؤس میں کمپیوٹر سائنس اور سافٹ ویئر انجینئرنگ کے شعبوں سے متعلق جدید پراجیکٹس کی نمائش کی گئی، جو طلباء کی تخلیقی اور تکنیکی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت تھے۔ آخر میں، وائس چانسلر نے بہترین کارکردگی کے حامل تین طلباء کو انعامات سے نوازا۔
ڈائریکٹر UIIT پروفیسر ڈاکٹر یاسر حفیظ نے ایونٹ کی کامیابی پر وائس چانسلر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ادارہ آئندہ بھی طلباء کو تکنیکی میدان میں خودمختار بنانے اور جدت کو فروغ دینے کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا۔