ایران کے ساتھ یکجہتی موجود مگر ایران کے ساتھ پاکستان کا میزائل تعاون شامل نہیں ہے ترجمان دفتر خارجہ پاکستان

پاکستان کے دفترخارجہ کی ترجمان نے بے بنیاد اور جعلی خبروں کی طرف سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ پاکستان کے خفیہ فوجی تعاون کی اسرائیلی میڈیا کی خبر غلط اور بے بنیاد ہے۔

اسلام آباد سے ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے دفترخارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے اپنی ہفتے وار پریس بریفنگ میں اسرائیلی میڈیا کی اس خبر کی تردید کی ہے جس میں ایران کے ساتھ پاکستان کے حفیہ فوجی تعاون کا دعوی کیا گیا ہے۔

ممتاز زہرا بلوچ نے ایران کے ساتھ پاکستان کے میزائل تعاون کے بارے میں یوروشلم پوسٹ کے دعوے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ یہ رپورٹ جعلی اور بے بنیاد ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہمیں ان حساس حالات میں جعلی اور بے بنیاد دعووں کی طرف سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔

پاکستان کی دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ اسرائیل کے ساتھ پاکستان کا کسی بھی قسم کا کوئی تجارتی رابطہ نہیں ہے۔

انھوں نے تہران میں اسرائيلی حکومت کی جارحیت میں حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد ایران کی درخواست پر جدہ میں ہونے والے او آئی سی کے ہنگامی اجلاس میں پاکستانی وفد کی شرکت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس اجلاس میں اسلامی جمہوریہ ایران کی ارضی سالمیت اور اقتدار اعلی کی خلاف ورزی اور اسرائیلی جارحیتوں کی سخت مذمت اور ایران اور فلسطین کے ساتھ یک جہتی کا اعلان کیا گیا۔

پاکستان کے دفتر خارجہ کی ترجمان نے اسماعیل ہنیہ کو شہید کرنے پر مبنی صیہونی حکومت کی دہشت گردانہ جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے غزہ میں فوری جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں