وفاقی وزیر رانا تنویر حسین سے کوریا پروگرام برائے بین الاقوامی زراعت کے وفد کی ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ تعاون اور ملک میں زرعی پیداوار کو بڑھانے اور ترقی کو فروغ دینے کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
وفد کی قیادت پاکستان میں جمہوریہ کوریا کی سفیر پارک کیجون کر رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ زرعی شعبے میں تعاون جاری ہے۔ پاکستان میں زرعی ٹیکنالوجی کی منتقلی میں مدد فراہم کر رہے ہیں۔
اس کے ساتھ ساتھ سفیر کا کہنا تھا کہ ان کا ملک جدید زرعی ٹیکنالوجی کے استعمال کی ضروری تربیت بھی کوریا فراہم کریگا۔
رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ پاکستان اور جمہوریہ کوریا کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں۔ اس حوالے سے پاکستان اور جمہوریہ کوریا زرعی ٹیکنالوجی کی منتقلی کے منصوبوں پر مشترکہ طور پر کام کر رہے ہیں۔
سیڈ پوٹو کمپلیکس کا افتتاح بدھ کو پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل میں ہو گا۔ اس اقدام سے بیج کے معیار کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔دو طرفہ تعاون ملک میں زرعی پیداوار کو بڑھانے اور ترقی کو فروغ دینے کے لیے اہم قدم ثابت ہوگا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ایروپونکس کے ذریعے آلو کے بیج کی پیداوار پر جدید تحقیق ہو سکے گی۔ یہ منصوبہ پاکستان کو جدید کوریائی ایروپونک نظام کی منتقلی میں سہولت فراہم کریگا۔پراجیکٹ غذائی تحفظ کے چیلنجوں سے نمٹنے اور پائیدار زراعت کو فروغ دے گا۔