شمالی کوریا کے سیکڑوں فوجی روسی جنگ میں شامل، سیٹلائٹ تصاویر سے انکشاف

امریکی تھنک ٹینک کی نئی تحقیق کے مطابق، سیٹلائٹ تصاویر نے انکشاف کیا ہے کہ شمالی کوریا کے سیکڑوں فوجیوں کو سمندری راستے کے ذریعے روس منتقل کیا گیا تاکہ وہ یوکرین کے خلاف جنگ میں حصہ لے سکیں۔

محققین کے مطابق، روس کے کم از کم دو بحری جہاز اکتوبر اور نومبر میں شمالی کوریا کے فوجیوں کو روس کے مشرقی فوجی بندرگاہ ڈونائی لے کر گئے۔ اس سے قبل جنوبی کوریا کی انٹیلیجنس ایجنسی نے شمالی کوریا کے علاقوں سے فوجیوں کی نقل و حرکت کی نشاندہی کی تھی، لیکن اب سیٹلائٹ تصاویر نے اس کی مزید تصدیق کردی ہے۔

سی این این کے مطابق، ماہرین کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کے فوجیوں کو رات کے وقت جہازوں پر سوار کرایا گیا تاکہ ان کی منتقلی کو خفیہ رکھا جا سکے۔ تاہم، ڈونائی بندرگاہ پر ہونے والی سرگرمیاں سیٹلائٹ تصاویر میں دیکھی گئی ہیں، جہاں روس زیادہ محتاط نہیں رہا۔

رپورٹ کے مطابق، شمالی کوریا کے تقریباً 12,000 فوجی روس پہنچ چکے ہیں، جن میں سے 4,000 سے زائد ہلاک یا زخمی ہو چکے ہیں۔ یوکرین کا کہنا ہے کہ اس نے کم از کم دو شمالی کوریائی فوجیوں کو گرفتار کیا ہے، لیکن روس اور شمالی کوریا نے اس حوالے سے کوئی تصدیق نہیں کی۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کے فوجیوں کو عملی جنگ کا تجربہ مل رہا ہے، جو مستقبل میں ان کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔ ساتھ ہی، روس اور شمالی کوریا کے تعلقات مزید گہرے ہونے کے اشارے بھی مل رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں