ظالمانہ بجٹ کے خلاف 12 جولائی سے اسلام آباد میں دھرنا دیں گے اور ہڑتال بھی ہو گی امیر جماعت اسلامی کا اعلان

بدھ کے روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے اسلام آباد میں 12 جولائی سے دھرنا دینے کا اعلان کر دیا۔انہوں نے کہا۔پیٹرولیم لویز میں کمی، تنخواہوں پر ٹیکس میں اضافے کی واپسی، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں کمی اور مہنگائی سے نجات کے مطالبات کے ساتھ حق دو عوام کو کے نعرے کے تحت دھرنا دیا جاۓ گا۔ دھرنے سے قبل یا دھرنا شروع ہونے کے بعد ہڑتال بھی ہو گی۔ہڑتال کے وقت کا تعین تاجروں کی مشاورت سے ہو گا۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ سول اور ملٹری افسران کو پراپرٹی پر ٹیکس میں چھوٹ دینے پر جرنیلوں اور ججوں کو سامنے آکر بات کرنی چاہئے۔ججوں اور جرنیلوں کو یہ مراعات لینے سے انکار کرنا چاہئے۔اور عوام کا ساتھ دینا چاہئے۔

انہوں نے کہا ہم دھرنا شروع کرنے کا اعلان کر رہے ہیں دھرنا ختم کرنے کے بارے میں نہیں سوچ رہے۔اسلام آباد انتظامیہ کی طرف سے دھرنا دینے کی ااجازت سے مشروط نہیں ہے۔دھرنا دینا ہمارا قانونی اور جمہوری حق ہے۔جس کے لیے جماعت اسلامی کی مقامی قیادت انتظامیہ سے رجوع کرے گی۔مگر اجازت نہ دینے کی صورت میں بھی دھرنا ضرور ہو گا۔جبکہ دھرنے کے مقام کا اعلان بہت جلد کر لیا جاۓ گا۔

پہلے لوگ آئی ایم ایف کے کہنے پر بجٹ بناتے تھے اور شرماتے تھے، ہمارے وزیرِ اعظم فخریہ انداز میں کہتے ہیں یہ بجٹ آئی ایم ایف کا ہے۔انہوں نے کہا کہ دو کروڑ سے زائد بچے اسکولوں سے باہر ہیں، یکساں نظام تعلیم کا راگ الاپے گئے تھے یکساں نظام تعلیم کہاں ہے، تعلیم کو بھی برائے فروخت بنادیا گیا ہے۔

حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا آپ سے کنٹرول نہیں ہو سکتا، بجٹ پیش ہونے کے بعد پاکستان میں مزید مہنگائی ہوئی، اب معاشی دہشتگردی ہو رہی ہے، ججز کے الاؤنسز بڑھا رہے، مڈل کلاس طبقے پس رہے ہیں، کسانوں کے ساتھ دھوکا کیا گیا، ظلم پر خاموش رہنا بھی بہت بڑا جرم ہے۔

انہوں نے کہااس دھرنے کے لیے ہم کسی دوسری جماعت کے ساتھ شراکت نہیں کر رہے۔ہر سیاسی جماعت کے الگ الگ اہداف ہیں۔اور ہم اپنے ہدف پر توجہ مرکوز کیۓ ہوئے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ شہباز شریف اور وزیرِ خزانہ بتائیں آپ نے بڑے بڑے جاگیر داروں پر ٹیکس کیوں نہیں لگایا، بجلی کے بل بموں کی صورت میں عوام پر گر رہے ہیں، اکثریت فارم 47 کی پیداوار ہے۔ان کا کہنا ہے کہ بعض لوگوں نے فیشن بنا لیا کہ اسٹیبلشمنٹ کے خلاف بولیں تاکہ مراعات حاصل کر لیں،

عوام کے لیے کوئی سنجیدہ قدم اٹھانے کے لیے تیار نہیں، 12 جولائی کو اسلام آباد میں تاریخی دھرنا شروع کرنے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کا ایجنڈا ہے کہ تنخواہ داروں کے ٹیکس کم کرو، عام آدمی کو جینے دو، ہم دھرنا دیں گے اور یہاں بیٹھے رہیں گے، ہمیں اس جنگ میں دھکیل دیا گیا جو ہماری جنگ نہیں تھی، اب یہ ’ڈو مور‘ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس لگا کر نچوڑا جارہا ہے، کسی جرنیل، کسی ججز نے نہیں کہا کہ پاکستان کی خاطر یہ مراعات ہمیں نہیں چاہیے، کسانوں کےساتھ دھوکا کیا گیا، نہ گندم خریدی اور نہ سبسڈی دی گئی، کپاس کی فصل 20 سے 30 فی صد کم ہوئی ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے یہ بھی کہا کہ ہمارا ایجنڈا ہے کہ قیمتیں کم کرو، ہمیں آئی ایم ایف کی غلامی قبول نہیں، یہ غلام ابن غلام طبقہ ہے جن کو ہم پر مسلط کر دیا گیا ہے، دھرنا ہو گا اور عوام کے لیے ریلیف لینے کی تحریک شروع کررہے ہیں، یہ دھرنا ایک دو دن کا نہیں ہو گا، ہم بیٹھے رہیں گے، ہم تاجروں، صنعت کاروں، مزدوروں اور طلباء سے اس دھرنے کے لیے رابطہ کریں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں