اسلام آباد دینی مدرسہ کے طلبا کے ساتھ انسانیت سوز سلوک پر وفاقی محتسب کا نوٹس
موٹروے پولیس نےنجی بس کمپنی اور ملوث ڈرائیور کے موٹروے پر داخلے پرپابندی عائد کر دی۔فرائض سے غفلت برتنے والے پولیس افسران کے خلاف تادیبی کارروائی شروع کر دی گئی۔
وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے اسلام آباد کے ایک دینی مدرسہ کے طلبا کے ساتھ نجی کمپنی کی بس کے ایک ڈرائیور اور کنڈیکٹر کے انسانیت سوز سلوک کا ازخود نوٹس لیتے ہو ئے آئی جی اسلام آ باد، آ ئی جی موٹروے پولیس اور آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کر لی۔ جس پرموٹروے پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے کمپنی کی مذکورہ بس اور ڈرائیو ر کے نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس کی حدود میں داخلے پرپابندی عائد کردی ہے۔ علاوہ ازیں کمپنی کی تمام بسوں پر بھی پانچ دن کے عرصے کے لیے موٹروے پر داخلے پر پابندی رہی۔جب کہ واقعہ کے وقٹ موٹروے پولیس کے ڈیوٹی پر موجودوافسران کے خلاف غفلت برتنے کے جرم میں تادیبی کارروائی شر وع کر دی گئی ہے۔
بدھ کے روز وفاقی محتسب کی طرف سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق دینی مدرسہ کے سات طلبہ نے اسلام آباد سے چھٹیاں گزارنے کے لئے ضلع اوکاڑہ میں اپنے گھروں کو جا نا تھا، ان کے والدین نے ایک نجی کمپنی کی بس پر ان کی سیٹیں بک کرادیں۔ بس کے ڈرائیور اور کنڈیکٹر نے گولڑہ موڑ اسلام آباد سے ان معصوم طلبا کو سیٹوں پر بٹھانے کی بجائے بس کی سامان والی ڈگی میں زبردستی گھسیڑ دیا۔بس کی ڈگی میں سامان کے ساتھ ساتھ چند بکریاں بھی بٹھائی گئی تھیں۔بس میں آ کسیجن کی کمی کے باعث بچے چیختے چلا تے رہے لیکن ان کی چیخ و پکار پر کسی نے تو جہ نہ دی۔
حو یلی لکھا پہنچنے پر بچوں کے والدین نے بچوں کو ڈگی سے نکلتے ہو ئے دیکھا تو وہ اس سلوک پر حیران ہو ئے کیونکہ تمام بچے سہمے ہوئے تھے۔ والد ین نے بس عملہ کے خلاف پولیس اسٹیشن حو یلی لکھا ضلع اوکاڑہ میں ایف مقدمہ تو درج کروا دیا لیکن اس پر کوئی کا رروائی نہ ہو ئی۔
جس پروفاقی محتسب نے فوری نوٹس لیا اور آئی جی اسلام آ باد پولیس، آ ئی جی مو ٹر وے پولیس اور آ ئی جی پنجاب پولیس سے واقعہ کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔ نیشنل ہا ئی وے اینڈ موٹروے پولیس نے وفاقی محتسب کو رپورٹ دی ہے کہ کمپنی کی مذکورہ بس اور ڈرائیو ر کے نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس کی حدود میں داخلے پر پابندی عائدکردی ہے۔ علاوہ ازیں کمپنی کی تمام بسوں پربھی پانچ دن موٹروے پر داخلے پرپابند ی رہی۔ جب کہ بسوں کی چیکنگ کے نظام کو سخت کرنے کے ساتھ ساتھ ڈیوٹی افسران کے خلاف بھی تادیبی کا رروائی شروع کر دی گئی ہے۔
سی این این اردو کے زرائع کے مطابق واقعہ 2 ماہ قبل پیش آیا تھا۔متاثرہ طلبا میں 2 کو حویلی لکھا کے مقام پر بس کی ڈگی سے بے ہوشی کی حالت میں برآمد کیا گیا تھا۔تاہم واقعہ کا مقدمہ درج ہونے کی باوجود اسلام آباد پولیس، پنجاب پولیس اور موٹر وے پولیس نے کوئی کاروائی عمل میں نہ لائی تھی۔