اسلام آباد کے شہریوں کیلئے سی ڈی اے ون ونڈو آپریشن بروز ہفتہ کھلا رہا۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہفتہ کے روز ون ونڈو آپریشن کا دورہ کیا اور ایک اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد میں ایسی کمرشل پراپرٹیز جو بذریعہ نیلامی خریدی گئی ہیں اور انکے الاٹیز تاحال اپنے پلاٹس کے بقایاجات، واجبات اور اقساط کی ادائیگی کرنے سے قاصر ہیں وہ اپنے پلاٹس کے تمام واجبات /بقایاجات / اقساط مورخہ 30جون 2024 تک جمع کروائیں۔ بصورت دیگر قوانین کے مطابق ان کے پلاٹوں کی الاٹمنٹ منسوخ کر دی جائے گی۔
اس ضمن میں ایسی پراپرٹیز کے مالکان جنہوں نے واجبات جمع نہیں کروائے ان کو نوٹسسز جاری کر دیئے گئے ہیں۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈیفالٹ کرنے والوں کو بلیک لسٹ کردیا جائے گا۔ عوام الناس کی سہولت کے لیے سی ڈی اے کا ون ونڈو آپریشن ڈائریکٹوریٹ بروز اتوار صبح 09:00بجے تا رات09:00 بجے تک کھلا رہے گا تاکہ شہری واجبات ون ونڈو پر جمع کرا سکیں گے۔