اوپن یونیورسٹی میں اسکالرشپ جیتنے والے طلبہ کے اعزاز میں تقریب

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں اسکالرشپ جیتنے والے طلبہ کے اعزاز میں سوموار کے روز تقریب منعقد کی گئی۔ترجمان یونیورسٹی کے مطابق 129طلبہ نے میرٹ سکالرشپس جیتی ہیں۔جبکہ فائنل ائیر پراجیکٹ گرانٹ کے لئے13طلبہ منتخب ہوئے۔اس موقع پر طلبہ میں انعامی رقوم کے چیک تقسیم کیئے گئے۔

ڈاکٹر ناصر محمود نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سکالرشپس کی مد میں فنڈز کی کوئی قید نہیں ہے۔علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے ذہین طلبہ کے ساتھ ساتھ غریب، مستحق اور ضرورت مند طلبہ کو سکالرشپس دینے اور فیس میں رعایت فراہم کرنے کی مد میں گذشتہ سال125ملین کی خطیر رقم مختص کی تھی جس سے 36,640طلبہ مستفید ہوئے۔

مستحق طلبہ کو فیسوں میں رعایت فراہم کرنے،بلوچستان، قبائلی اضلاع اور گلگت بلتستان کے عوام کو میٹرک کی مفت تعلیم فراہم کرنے، ذہین طلبہ کو میرٹ سکالرشپس دینے کے لئے فنڈ کی کوئی قید نہیں، 80فیصد سے زائد نمبرز حاصل کرنے پر درخواست دینے والے تمام طلبہ کو میرٹ سکالرشپ کے تحت انہیں اُن کی سمسٹر کی پوری فیس واپس کی جائے گی۔یونیورسٹی کے وائس چانسلرڈاکٹر ناصر محمود نے کہا 15مختلف ڈپارٹمنٹس کے 129طلبہ نے سمسٹر خزاں 2023ء میں 80فیصد سے زائد نمبرز حاصل کرکے میرٹ سکالرشپس جیتی ہیں جبکہ فائنل ائیر پراجیکٹ گرا نٹ کے لئے تین ڈپارٹمنٹس کے 13طلبہ منتخب ہو ئے ہیں۔

ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ میرٹ سکالرشپس کا مقصد ٹیلنٹ کوبڑھانا اور مستحق طلبہ کو تعلیم مکمل کرنے میں مدد دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ سکالرشپس حاصل کرنے والے طلبہ کے اعزاز کو دیکھ کر باقی طلبہ بھی ٹیلنٹ کی اس دوڑ میں شامل ہونے کی کوشش کریں گے۔وائس چانسلر کا کہنا تھا کہ سکالرشپس جیتنے والوں کے لئے آگے بڑھنے کے راستے کھلے ہیں، اُن کے لئے دنیا میں وسیع مواقع ہیں باقی طلبہ کے پاس بھی سکالرشپس جیتنے والے طلبہ جیسی صلاحیتیں ہیں، دونوں میں فرق صرف محنت کا ہے، اگر باقی طلبہ بھی محنت کریں تو وہ بھی یہ مقام حاصل کرسکتے ہیں۔تقریب سے فیکلٹی آف سائنسز کی ڈین، پروفیسر ڈاکٹر ہاجرہ احمد، پروفیسر ڈاکٹر ارشاد احمد ارشد، ڈائریکٹر سٹوڈنٹ افئیرز، سید غلام کاظم علی نے بھی خطاب کیا اور سکالرشپس حاصل کرنے والے بچوں کو مبارکباد دی۔

اپنا تبصرہ لکھیں