فیصل آباد- چیف منسٹر گورننس اقدامات کے تحت ضلع میں 15 انڈیکیٹرزمختص کردیئے گئے ہیں جن پر متعلقہ محکموں کی کارکردگی کی جانچ کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ کی زیر صدارت ضلع میں گورننس اقدامات پر اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ڈپٹی کمشنر نے انڈیکیٹرز کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ سڑکوں کا پیچ ورک،سٹریٹ لائٹس کے فعال ہونے،وال چاکنگ کے صفایا،دکانوں کے باہر اور ریڑھیوں کی تجاوزات کے خلاف مہم،شہری ودیہی علاقوں میں صفائی،ہیلتھ مراکز کی صفائی، واٹر فلٹریشن پلانٹس کے فنکشنل ہونے،موسم بہارشجرکاری،ملاوٹ مافیا کے خلاف اپریشن،جعلی ادویات کے خلاف کریک ڈاؤن،جعلی زرعی ادویات کی تیاری وفروخت کے خلاف مہم،مین ہولز کور اورمذہبی ہم آہنگی کا قیام ترجیح ہے۔انہوں نے ضلعی افسران کو اہداف تفویض کئے اور پی ایچ اے،واسا،ویسٹ مینجمنٹ کمپنی،اسسٹنٹ کمشنرز،چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن وضلع کونسل،ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی،پنجاب فوڈ اتھارٹی،لائیو سٹاک، لوکل گورنمنٹ اور زراعت کو گورننس اقدامات پر روزانہ رپورٹ فراہم کرنے کا حکم دیا۔ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ محکموں کی کارکردگی رپورٹ وزیراعلی پنجاب سے براہ راست شیئرکی جائے گی۔کام چور اور غفلت کے مرتکب افسران کی ضلع میں کوئی گنجائش نہیں۔