اسلام آباد: روس کے ملٹری اتاشی اور روسی سفیر کی جانب سے روسی مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے یوم دفاع فادر لینڈ کی ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا۔اس تقریب میں پاک فضائیہ کے ائیر وائس مارشل عابد لطیف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
روس کے مسلح افواج کے دن کے موقع پر مختلف ممالک کے سفراء ، عسکری حکام و دیگر مہمانوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
اس تقریب کا باقاعدہ آغاز روس اور پاکستان دونوں کے قومی ترانوں سے ہوا جو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط رشتوں کی علامت ہے۔
اس موقع پر روسی دفاعی اتاشی کرنل وادیم این فینچینکو نے اس اجتماع کا خیرمقدم کیا، اظہار تشکر کیا اور روس کی حفاظت اور استحکام کے لیے روسی افواج کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔ انہوں نے ملک کی حفاظت میں روسی محافظوں کے اہم کردار پر زور دیا۔
پاکستان میں تعینات روس کے سفیر البرٹ پی خوریف، دفاعی اتاشی کرنل وادیم این فینچینکو نے مہمان خصوصی ایئر وائس مارشل عابد لطیف اور دیگر معززین کے ہمراہ رسمی طور پر روسی اور پاکستانی پرچموں سے مزین روایتی کیک بھی کاٹا۔
اس خصوصی تقریب کا اختتام نیٹ ورکنگ کے مواقع کے ساتھ ہوا، شرکاء کے درمیان روابط کو فروغ دیا گیا۔مزید برآں ، روسی سفارت خانے نے ایک پرتعیش عشائیہ کا اہتمام بھی کیا گیا ۔
اس تقریب نے نہ صرف روس اور پاکستان کے درمیان پائیدار دوستی کو ظاہر کیا بلکہ دفاع وطن کے دن کے موقع پر روسی محافظوں کی لگن اور قربانیوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔