پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے جمعرات کے روز پی ٹی آئی کی پی پی پی سے رابطوں کے حوالے سے خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ابھی تک پی ٹی آئی نے ہم سے کوئی رابطہ نہیں کیا۔انہوں نے کہا اگر پی ٹی آئی ہم سے رابطہ کرے گی تو ہماری سیاسی جماعتوں کے ساتھ رابطہ کرنے کے لیے کمیٹی موجود ہے.فیصل کریم کنڈی نے کہا پی ٹی آئی کی طرف سے کسی رابطے کی صورت میں ہماری جماعت کی کمیٹی ان سے مذاکرات کرے گی اس کی رپورٹ مرتب کر کے پارٹی کو آگاہ کرے گی۔
اس سے قبل اسلام آباد میں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے رابطہ و کوآرڈینیشن کمیٹی کے اراکین نے زرداری ہاؤس میں ملاقات کی ہے۔ملاقات میں پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو رابطہ و کوآرڈینیشن کمیٹی کے اراکین نے سیاسی جماعتوں کے رابطوں کی صورت حال سے آگاہ کیا۔
ملاقات میں رابطہ کمیٹی کے اراکین قمر زمان کائرہ، سید مراد علی شاہ، نواب ثنااللہ زہری، شجاع خان، سعید غنی، ندیم افضل چن اور بہادر خان سیہڑ موجود تھے۔