وائس چانسلر، پیر مہر علی شاہ زرعی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان کیلئے کینیڈین سوسائٹی فار ایگریکلچرل اینڈ بائیو سسٹم انجینئرنگ لائف ٹائم اچیومنٹ میپل لیف اور فیلو ایوارڈز

راولپنڈی/ اسلام آباد.وائس چانسلر، بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان کو کینیڈین سوسائٹی فار ایگریکلچرل اینڈ بائیو سسٹم انجینئرنگ کے میپل لیف ایوارڈ سے نوازا گیا ہے، علاوہ ازیں انہیں اعلیٰ تحقیق، مثالی قیادت، وسیع تدریس، پیشہ ورانہ اور سماجی حوالے سے غیر معمولی کامیابیوں اور خدمات پر کینیڈین انجینئرنگ سوسائٹی کا فیلو بھی منتخب کیا گیا ۔ پروفیسر زمان تین دہائیوں سے زیادہ عرصے سے پورے شمالی امریکہ اور اس سے باہر بھی پریسیژن ایگریکلچر کے ذریعے زراعت میں جدت لانے کے حوالے سے اہم کام سر انجام دے رہے ہیں۔ انھوں نے مختلف تحقیقی پراجیکٹس کے دوران فنڈنگ میں ملٹی ملین ڈالر حاصل کیے اور 50 سے زائد بڑے تحقیقی اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل بھی کی ہے، جس میں ویری ایبل ریٹ سپرئیر ٹیکنالوجیز بھی شامل ہیں جن کے ذریعے اٹلانٹک کینیڈا کی زرعی صنعت کو تبدیل کرتے ہوئے زرعی کیمیکل کے استعمال میں 40 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ ان کے بین الاقوامی پیٹنٹ اور ایک مستند نصابی کتاب نے کینیڈا اور دیگر علاقوں میں پائیدار زراعت کے لیے معیار قائم کیا ہے۔ پروفیسر زمان نے 125 سے زیادہ پئیر ریویڈ مضامین اور بہت سے کتابی ابواب بھی تصنیف کیے ہیں جنہوں نے ڈیٹا پر مبنی زراعت کے عالمی ایجنڈے کو تشکیل دیا ۔ انھوں نے ڈلہوزی زرعی کیمپس، کینیڈا میں اٹلانٹک ڈیجیٹل ایگریکلچر سینٹر بھی قائم کیاہے۔پروفیسر زمان کی تدریس، قیادت اور رہنمائی کی خدمات بھی قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے 250 سے زائد سیمینارز، ورکشاپس اور کانفرنسوں کا اہتمام کیا اور پانچ براعظموں میں 100 سے زیادہ کلیدی لیکچرز دیے ہیں۔ ان کی قیادت اور نگرانی میں 100 سے زائد گریجویٹ طلبا اور پوسٹ ڈاکٹریٹ فیلوز نے گریجویشن مکمل کی جن میں سے اکثر شمالی امریکہ، یورپ اور ایشیا میں فیکلٹی ممبران اور انڈسٹری لیڈرز کے طور پر خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ پیشہ ورانہ خدمات کے لیے ان کے عزم نے ہمیشہ CSABE کمیونٹی کو مضبوط کیا ہے۔ بحیثیت اٹلانٹک ریجنل ڈائریکٹر، انہوں نے ہیلی فیکس میں 2016 کی بین الاقوامی کانفرنس کی صدارت کی، اہم اسپانسر شپ حاصل کیے اور 2022 کی شارلٹ ٹان کانفرنس میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ ایوارڈز اور آوٹ ریچ کمیٹیوں میں انھوں نے طلبا کے مابین مختلف مقابلوں فیلڈز وزٹ کا اہتمام کیا جس کے ذریعے اکیڈمیا اور صنعت میں مضبوط روابط کے ساتھ ساتھ باصلاحیت نوجوانوں کی بھی شناخت ہوئی اور انھیں مختلف اہم ذمہ داریاں سونپی گئیں۔ پاکستان میں پروفیسر زمان کی قیادت نے تعلیمی اور تحقیقی ڈھانچے کو کافی حد تک بدل دیا ہے۔ وائس چانسلر بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی کے طور پر میگا پروجیکٹس کی نگرانی کرتے ہوئے، انھوں نے سنٹر فار پریسیژن ایگریکلچر اور نیشنل سینٹر فار انڈسٹریل بائیو ٹیکنالوجی کی بنیاد رکھی، او بی ای سسٹم کے تحت نصاب کو جدید بنایا اور بہت سے پیٹنٹ فائل کرنے میں رہنمائی کی۔ انہوں نے ڈیجیٹل اور پریسیژن زراعت میں ملک کی پہلی تسلیم شدہ مائیکرو کریڈنشیلز بھی لانچ کیں، جنہیں پاکستان انجینئرنگ کونسل نے تسلیم کیا، اور ایسے لیڈرشپ فورمز کی میزبانی کی جو انجینئرز، ماہرین زراعت اور صنعت کے شراکت داروں میں روابط کو مضبوط کرتے ہیں۔ کیمپس اور لیبارٹریوں سے ہٹ کر، کاشتکاروں کے ساتھ بھی پروفیسر ڈاکٹر قمرالزمان کا ایک قابل اعتماد تعلق ہے۔ انہوں نے اٹلانٹک کینیڈا میں کسانوں کی میٹنگز اور فیلڈ ڈے سے لے کر پاکستانی کسانوں کے لیے تربیتی ورکشاپس تک توسیعی پروگراموں کی قیادت کرتے ہوئے کاشتکاروں کو جدید ٹیکنالوجی اور پائیدار طریقوں کو اپنانے کے لیے بااختیار بنایا۔ انھی کے ذریعے مضبوط صنعت اور اکیڈمی روابط کوفروغ حاصل ہوا اور پیچیدہ تحقیق کو آسان اور قابلِ عمل بنا کر پیش کیا جس سے دیہی معیشت مضبوط ہوئی اور بہتر ماحولیاتی تبدیلیاں بھی سامنے آئیں ۔پروفیسر زمان نے کہاکہ میپل لیف ایوارڈ اور سی ایس اے بی ای فیلو ایوارڈ ، دونوں کے لیے ان کا انتخاب کیا جانا نہایت اعزاز کی بات ہے۔ انھوں نے یہ اعزازات ان تمام طلبا، ساتھیوں، اور کاشتکاروں کے نام کیے جو پائیدار، ڈیٹا پر مبنی زراعت کے وژن میں ان کے معاون رہے۔ CSABE ان کی بے مثال تحقیق، قیادت، اور کمیونٹی سرگرمیوں کو سراہتا ہے، جو دنیا بھر میں زرعی اور بایو سسٹم انجینئرنگ کے لیے نہایت اہمیت کی حامل ہیں۔ ان باوقار اعزازات سے نوازتے ہوئے، CSABE ایک ایسے رہنما کی خوشی مناتا ہے جس کی قیادت، تحقیق، تدریس اور خدمات زرعی اور بایو سسٹم انجینئرنگ کے روشن مستقبل کی تشکیل کرتی ہیں۔

About The Author

اپنا تبصرہ لکھیں