اسلام آباد: ایتھوپیا کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ ڈیمیک میکونن نے آج پاکستان کے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے سوئٹزرلینڈ کے ڈیووس کلوسٹرز میں ورلڈ اکنامک فورم (WEF) کے حاشیے پر ملاقات ہوئی۔ جس میں دونوں فریقین کے درمیان دوطرفہ اور کثیر جہتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے متعلقہ حکومتوں کی اعلیٰ ترین سطحوں سمیت مختلف سطحوں پر باہمی مصروفیات پر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر ایتھوپیا کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ نے گفتگو کرتے ہوئے بتاتا کہ ایتھوپیا نے حال ہی میں اسلام آباد میں اپنا سفارت خانہ کھولا ہے۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے ایتھوپیا کے عزم کا اعادہ کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایتھوپیا پاکستان کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری سمیت اپنی مصروفیات کو متنوع بنانے کے لیے کام کرے گا۔
نگران وزیراعظم کاکڑ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایتھوپیا کی حکومتوں کے تعلقات کو فروغ دینے کے عزم سے حاصل ہونے والی مثبت رفتار سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ان کا ملک تجارت، سرمایہ کاری، ہنر کی منتقلی کے شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کام کرے گا۔
یاد رہے، اسلامی جمہوریہ پاکستان میں وفاقی جمہوریہ ایتھوپیا کے سفارت خانے کا باضابطہ افتتاح 11 مئی 2023 کو کیا گیا تھا، جبکہ جمال بیکر عبداللہ پاکستان میں ایتھوپیا کے پہلے سفیر ہیں.