اسلام آباد: ہلالِ احمر پاکستان کے چیئرمین سردار شاہد احمد لغاری کی ایران کے سفیر ڈاکٹر رضاامیری موغادم سے ملاقات، دونوں برادر ممالک کے مابین تعلقات کے استحکام، باہمی تعاون سمیت دیگر اُمور پر گفتگو، سردار شاہد احمد لغاری نے دونوں ممالک کویک جان دو قالب قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران پاکستان کے تعلقات گہرے اور مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔
اِس موقع پر ایران کے سفیر ڈاکٹر رضاامیری موغادم نے ہلالِ احمر کی انسانیت کی خدمت کیلئے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ماہ ہونے والی فنڈریزنگ کی تقریب اپنی مثال آپ تھی۔ مجھے اِس تقریب میں شرکت سے معلوم ہوا کہ ہلالِ احمر پاکستان نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ِ دنیا میں بھی نمایاں خدمات انجام دے رہا ہے۔ انہوں نے گزشتہ بارشوں اور سیلاب سے ہونے والی تباہی کے بعد ریسکیو، ریلیف، بحالی و تعمیر ِ نو میں ہلالِ احمر کے کردار کی تعریف کی۔ سندھ اور بلوچستان کے علاوہ دیگر سیلاب متاثرہ علاقوں میں قابل ِ تعریف کردار ادا کیا ہے۔ یہاں کے مکینوں کو بھی متعدد چیلنجز درپیش ہیں۔ ہلالِ احمر لوگوں کی زندگیوں میں خوشحالی لانے کیلئے کوشاں رہتا ہے۔ قدرتی آفات و سانحات کے دوران ہلالِ احمر کی خدمات مسلمہ حقیقت ہے۔
سردار شاہد احمد لغاری نے باہمی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ نہ صرف سانحات کے دوران بلکہ علاقائی سطح پر درپیش ایشوز کے حل میں بھی مل کر کام کیا جائے گا۔
ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری نے دو ڈائیلاسز یونٹ لگانے کا عندیہ دیتے ہوئے صحت عامہ کے بنیادی ڈھانچہ کی بہتری کیلئے کردار کی یقین دہانی کرائی۔ ایران کے ماہرین صحت ہلالِ احمر کے سٹاف کو تربیت بھی دیں گے جو بعدازاں ڈائیلاسز یونٹس کوفعال بنائیں گے۔ صحت عامہ کو فروغ دیا جائے گا اور کوئٹہ میں دو ڈسپنسریز قائم ہوں گی جس کیلئے ایران کے ایکسپرٹس مقامی سطح پر تربیت دیں گے۔
سردار شاہد احمد لغاری نے ملک بھر میں 6 ملین رضاکاروں کا حوالہ دیتے ہوئے ایران اور ہلالِ احمر پاکستان کے مابین کمیونٹی لیول کے اقدامات اور صحت عامہ میں تعاون کی بھی بات کی۔ ایران ریڈکریسنٹ اور ہلالِ احمرپاکستان کا باہمی تعاون اور تعلقات کو مستحکم بناتے ہوئے مختلف سرگرمیوں کے اجراء سے متعلق بھی ذکر کیا گیا۔ انہوں نے ایرانی سفیر کو دورہ ہلالِ احمر نیشنل ہیڈکوارٹرز کی بھی دعوت دی، جسے بخوشی قبول کرتے ہوئے ڈاکٹر رضا امیری نے بھی سردار شاہد احمد لغاری کو بھی دورہ ایران کی دعوت دی تاکہ دونوں اداروں کے مابین تعاون کو فروغ اور استحکام ملے۔
ملاقات کے اختتام پر سردار شاہد احمد لغاری نے ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔