اسلام آباد : اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے دیہی خواتین کے عالمی دن کے موقع پر دیہی خواتین کی گراں قدر خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ زراعت، غذائی تحفظ، غربت کے خاتمے اور دیہی ترقی سمیت زندگی کے ہر شعبے میں دیہی خواتین نے گراں قدر خدمات سر انجام دے رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ دیہی خواتین کو با اختیار بناۓ بغیر پائیدار ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا ۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ دیہی خواتین ہمارے معاشرے اور معیشت کی تشکیل میں اہم کردار ادا کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیہی خواتین کی فلاح و بہبو کیلئے ضروری ہے کہ ان کی معیشت میں شراکت کو تسلیم کیاجائے اور ان کو صحت، تعلیم سمیت دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، جو ان کو معاشی طور پر بااختیار بنانے اور دیہی برادریوں کی ترقی کے لیے ضروری ہے ۔
راجہ پرویز اشرف نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنے دور حکومت میں 15 اکتوبر کو دیہی خواتین کا دن قرار دیا تھا جو قابل ستائش ہے، تاہم بد قسمتی سے بعد میں آنے والی حکومتوں نے اس سلسلے کو جاری نہیں رکھا ۔ ان کا کہنا تھا پاکستان کے سماجی، معاشی اور سیاسی شعبوں میں دیہی خواتین کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مربوط حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے ۔
اسپیکر نے کہا کہ آج کے دن دیہی خواتین کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے اور ان کو درپیش مسائل کو حل کرنے کیلئے ایک مساوی معاشرہ تشکیل دینے کی ضرورت ہے ،جہاں معاشرے کی تعمیر و ترقی کیلئے دیہی خواتین کی گراں قدر خدمات کو تسلیم کیا جائے اور ان کی حوصلہ افزائی کی جائے۔