پاک فضائیہ کے دستے کی فضائی مشق شاہین-10 میں کامیاب شرکت کے بعد وطن واپسی

پاک فضائیہ کے دستے نے چین میں شاہین 10 فضائی مشق میں کامیاب شرکت کے بعد وطن واپسی پر، پاکستان ایئر فورس کے ایک آپریشنل ائیر بیس پر لینڈنگ کی۔ پاک فضائیہ کے دستے میں شامل جے-10 سی اور جے ایف-17 تھنڈر لڑاکا طیارے، لڑاکا پائلٹس، ایئر ڈیفنس کنٹرولرز اور تکنیکی گراؤنڈ عملے نے مشق میں بھرپور حصہ لیا۔

مشق کے ذریعے دونوں اسٹریٹجک اتحادیوں کے مابین حقیقت پر مبنی عصر حاضر کی فضائی جنگ کے منظرناموں کی روشنی میں باہمی کاروائیوں کی توثیق ممکن ہوئی۔ شاہین-10، شاہین فضائی مشقوں کی سیریز میں 10ویں مشق ہے اور اس فضائی مشق کی میزبانی دونوں ممالک ہر سال متبادل بنیادوں پر کرتے ہیں۔ پاک فضائیہ اور پیپلز لبریشن آرمی ایئر فورس کے مابین فضائی مشقوں کا یہ سلسلہ انکی پائیدار شراکت داری سے منسوب ہے۔ باہمی تعاون پر مبنی ان مشقوں نے نہ صرف اعلیٰ بصیرت اور تربیتی اسباق کے تبادلے میں مدد دی، بلکہ دونوں فضائی افواج کے جنگی عملے کے مابین مشترکہ کاروائیوں کے فروغ میں بھی مفید کردار ادا کیا۔ پاک فضائیہ کے عملے کی فنی مہارت اور جے-10 سی و جے ایف-17 تھنڈر طیاروں کی زبردست فضائی جنگی صلاحیتوں نے پاک فضائیہ کو اس چیلنجز سے بھرپور مشق کے دوران نمایاں کارکردگی دکھانے میں اہم کردار ادا کیا۔

شاہین فضائی مشقوں میں پاک فضائیہ کے ایئر و گراؤنڈ عملے کی کامیاب شرکت، پاک فضائیہ کی جانب سے مشترکہ چیلنجز کا سامنا کرنے اور فضائی جنگ کے حوالے سے رونما ہونے والی حالیہ تبدیلیوں کے تناظر میں اپنے اہلکاروں کی آپریشنل تربیت کے بھرپور عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں