وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت جمال شاہ نے یوم دفاع پاکستان کی ثقافتی سرگرمیوں کا افتتاح کر دیا

اسلام آباد (سی این این اردو): وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت جمال شاہ نے جمعہ کو 6 ستمبر کو منائے جانے والے یوم دفاع پاکستان کے سلسلے میں منعقد کی جانے والی ایک ہفتہ طویل ثقافتی سرگرمی کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

اس سلسلے میں سرسید میموریل میوزیم میں جنگی سازو سامان کی خصوصی نمائش کا آغاز ہوا۔ جس میں وفاقی سیکرٹری برائے قومی ورثہ و ثقافت حمیرا احمد اور ڈویژن کے تمام متعلقہ محکموں کے سربراہان نے بھی شرکت کی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت جمال شاہ نے ثقافتی اور ادبی سرگرمیوں میں بچوں اور نوجوانوں کی شرکت کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

قومی ورثہ اور ثقافت ڈویژن اور اس سے منسلک محکموں نے ثقافتی سرگرمیوں اور تقریبات کا ایک سلسلہ شروع کیا ہے جس کا مقصد حب الوطنی اور شہداء کی قربانیوں کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور ہماری نوجوان نسلوں کے دلوں میں وطن کی محبت اور احترام کو ابھارنا ہے۔

جمال شاہ کا مذید کہنا تھا کہ ثقافتی سرگرمیوں میں لائیو پرفارمنس، اسٹیج ڈرامے، پتلی تھیٹر، میوزیکل کنسرٹ، تقافتی نمائشیں، سیمینار، ٹیبلوز وغیرہ شامل ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ یوم دفاع پاکستان پاکستانیوں کے لیے قومی اتحاد اور ہم آہنگی کے عزم کا اعادہ کرنے کا موقع ہے.انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر ہمارے ملک کی تاریخ کا ایک اہم دن ہے اور اس حوالے سے تمام متعلقہ محکموں نے ہمارے قومی ہیروز کی قربانیوں کو اجاگر کرنے کے لیے خصوصی ثقافتی تقریبات کا منصوبہ بنایا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس دن کی مناسبت سے قومی نغمات کی میگا میوزیکل تقریب کا انعقاد کیا جائے گا جس میں نامور گلوکار قومی گیت گائیں گے۔

قبل ازیں وفاقی وزیر نے محکمہ آثار قدیمہ اور میوزیم (DOAM) کی جانب سے اسلام آباد میوزیم میں نمائش کے لیے رکھے گئے جنگی نمونوں کی خصوصی نمائش کا بھی دورہ کیا۔

وفاقی وزیر نے اسلام آباد کا دورہ بھی کیا اور نمائش میں گہری دلچسپی لی اور وفاقی دارالحکومت میں جدید ترین میوزیم قائم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں