خیبرپختونخوا، بریانی میں بم رکھ کر چوکی اڑانے کی کوشش ناکام

پشاور(سی این این اردو) : دہشت گردوں نے صوبہ خیبرپختونخوا میں پولیس چوکی کو بم سے اڑانے کے لیے نیا طریقہ اختیار کیا لیکن پولیس اہلکاروں نے کمال ہوشیاری سے اسے ناکام بنا دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ضلع اپر دیر کے علاقے شڑمائی میں دہشت گردوں نے گزشتہ رات کے وقت پولیس چوکی کے باہر ایک برتن میں بریانی رکھ کر اس میں بم چھپا دیا تا کہ کسی کو شبہ نہ ہو لیکن جیسے ہی ایک پولیس اہلکار کی برتن پہ نظر پڑی تو نہ صرف وہ خود چوکنا ہو گیا بلکہ دیگر ساتھیوں کو بھی چوکنا کردیا۔

پولیس چوکی انچارج نے صورتحال کے متعلق فوری طور پر بم ڈسپوزل یونٹ کو اطلاع دی جس پر پہنچنے والے اہلکاروں نے شڑمائی پہنچ کر جب رکھے گئے برتن کو کھول کر دیکھا تو اس میں بم نصب تھا جسے علاقے سے دور لے جا کر ناکارہ بنا دیا گیا۔

اپر دیر پولیس کے ترجمان عبدالرحمان نے اس حوالے سے بتایا کہ پریشر ککر نما ایک برتن کے اندر بریانی رکھی ہوئی تھی جس میں پانچ کلو بارودی مواد موجود تھا، پولیس کی جانب سے بروقت اطلاع ملنے پر دھماکہ خیز مواد (آئی ای ڈی) کو ناکارہ بنا دیا گیا اور پولیس چوکی بڑی تباہی سے بچ گئی۔

ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ ایک نامعلوم شخص نے یہ بم پولیس چوکی کے قریب رکھا تھا تاہم اس حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔

مؤقر ویب سائٹ اردو نیوز کے مطابق پولیس کی جانب سے اس کارروائی کے بعد علاقے میں بھرپور طریقے سے سرچ آپریشن بھی شروع کردیا گیا ہے۔

بم ڈسپوزل یونٹ کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ پانچ ماہ کے دوران 361 بم ناکارہ بنائے گئے ہیں جن میں 33 راکٹ، 79 ہینڈ گرینیڈ، 2 ٹائم بم اور ایک ریموٹ کنٹرول بم شامل ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں