جنوبی کوریا:پاکستان کے معروف جیولن تھرو کھلاڑی اور اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ 2025 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا۔
فائنل مقابلہ جنوبی کوریا میں منعقد ہوا، جس میں پاکستانی شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اسٹیڈیم “پاکستان زندہ باد” اور “اللہ اکبر” کے نعروں سے گونج اٹھا، اور سبز ہلالی پرچم لہراتے نظر آئے۔
مقابلے کی تفصیلات:
پاکستان کے یاسر سلطان نے فائنل میں عمدہ آغاز کرتے ہوئے پہلی تھرو 70.53 میٹر کی کی، دوسری تھرو 75.39 میٹر اور تیسری تھرو 75.50 میٹر رہی۔
ارشد ندیم نے پہلا وار 75.64 میٹر کا کیا، دوسری کوشش میں 76.80 میٹر کی تھرو کی، تیسری تھرو میں انہوں نے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 85.57 میٹر تک نیزہ پھینکا، جو ان کی بہترین تھرو ثابت ہوئی۔ چوتھی کوشش میں بھی ارشد نے 83.99 میٹر کی تھرو کی۔
کمیونٹی کا جوش و خروش:
پاکستان بزنس ایسوسی ایشن کوریا کے چیئرمین مدثر علی چیمہ، صدر جہانزیب خان، وائس پریزیڈنٹ حمید الحق اور جنرل سیکرٹری میاں صغیر احمد نے CNN اردو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ارشد ندیم کی کامیابی پوری قوم کے لیے باعث فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم نے نہ صرف پاکستان بلکہ کوریا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کا سر فخر سے بلند کر دیا۔
اس موقع پر پی بی اے رہنما اصغر بانگی، مہر سرور، شفیق خان، مسلم لیگ ن کوریا کے صدر راجہ عامر اور دیگر سیاسی و سماجی رہنماؤں نے بھی ارشد ندیم کی شاندار کامیابی پر پاکستانی عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی۔