عابد صدیق چوہدری
اسلام آباد :
نیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس (این ایف جے) کے تین رکنی نمائندہ وفد نے سری لنکا کے ہائی کمیشن اسلام آباد کا دورہ کیا اور سری لنکا کے ہائی کمشنر ایڈمرل (ر) رویندرا سی وجے گونارتنے سے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت سینئر نائب صدر عامر رفیق بٹ نے کی وفد میں این ایف جے کے سیکرٹری جنرل عابد صدیق چوہدری، اور جوائنٹ سیکرٹری عدنان حمید شامل تھے۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے صحافیوں کے درمیان صحافتی تعاون کو بڑھانے اور پاکستان اور سری لنکا کے مابین مضبوط تعلقات کو فروغ دینے پر بات چیت کی گئی۔ عامر رفیق بٹ نے ہائی کمشنر کو وفد کا تعارف کرایا اور این ایف جے کے اغراض و مقاصد اور مشن کے بارے میں آگاہ کیا، جس کا مقصد مختلف ممالک کے صحافیوں کے درمیان روابط کو مضبوط بنانا اور انکی پیشہ ورانہ استعداد کو بڑھانا ہے۔ انہوں نے سری لنکا اور پاکستان کے درمیان مستقبل میں صحافیوں کے تبادلوں اور مشترکہ میڈیا منصوبوں کی ضرورت پر زور دیا۔
سینئر نائب صدر عامر رفیق بٹ نے سری لنکا اور پاکستان کے درمیان مستقبل میں صحافیوں کے تبادلوں کی ضرورت پر زور دیا۔
ہائی کمشنر نے این ایف جے وفد کا گرمجوشی سے استقبال کیا اور سری لنکا اور پاکستان کے میڈیا کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا، “سری لنکا اور پاکستان ہمیشہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ سری لنکا کے عوام پاکستان کی مسلسل مدد کی قدر کرتے ہیں اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان محبت بے پناہ ہے۔”
ملاقات کے دوران ہائی کمشنر نے سری لنکا اور پاکستان کے درمیان ثقافتی اور کھیلوں کے تعلقات پر زور دیا، خاص طور پر کرکٹ کے حوالے سے، اور آنے والے چیمپئنز ٹرافی کی اہمیت کو اجاگر کیا جس میں سری لنکا، پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ انہوں نے کہا کہ “یہ ایونٹ ہماری مضبوط کھیلوں کی رفاقت کا جشن ہوگا جس پر عالمی توجہ مرکوز ہوگی۔”
این ایف جے کے سیکرٹری جنرل عابد صدیق چوہدری کے سری لنکا میں مسلمان آبادی سے متعلق سوال کے جواب میں، ایڈمرل وجے گونارتنے نے بتایا کہ سری لنکا کی 2.2 کروڑ کی کل آبادی میں 11 فیصد مسلمان ہیں۔ انہوں نے سری لنکا میں مختلف مذہبی برادریوں کے درمیان پرامن بقائے باہمی اور مسلم کمیونٹی کے سماجی اور اقتصادی کردار کو اجاگر کیا۔
ہوائی رابطوں سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے ہائی کمشنر نے بتایا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) اس وقت کولمبو کے لیے پروازیں نہیں چلا رہی جبکہ سری لنکن ایئرلائن لاہور سے کولمبو کے لیے باقاعدہ پروازیں چلاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیاحت اور کاروباری تبادلوں کو فروغ دینے کے لیے ان ہوائی راستوں کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔
ہائی کمشنر نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان کی معیشت کے لیے بہت اہم ہے اور یہ خطے کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا، “سی پیک نہ صرف پاکستان کی اقتصادی ترقی کے لیے ایک گیم چینجر ہے بلکہ یہ پورے خطے کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہوگا، کیونکہ اس سے انفراسٹرکچر، تجارت اور رابطے کو فروغ ملے گا۔”
ملاقات کے دوران این ایف جے وفد کو یہ بھی بتایا گیا کہ سری لنکا کی آن لائن ویزا سروس، جو چند تکنیکی وجوہات کی بنا پر معطل تھی، اب بحال ہو چکی ہے۔ معطلی کے باوجود، 120 پاکستانی مسافروں کو خصوصی طور پر ویزا آن ارائیول کی سہولت فراہم کی گئی۔ ہائی کمشنر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ سری لنکا زیادہ پاکستانی سیاحوں کو خوش آمدید کہنے کے لیے پرعزم ہے اور عوام کے درمیان رابطوں کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔
این ایف جے وفد نے ایڈمرل وجے گونارتنے کے شاندار کیریئر اور حکومت پاکستان کی جانب سے انہیں دیا جانے والا نشان امتیاز حاصل کرنے والے واحد سری لنکن ہیں۔ یہ اعزاز دونوں ممالک کے قریبی تعلقات کو مزید اجاگر کرتا ہے۔
ملاقات کے اختتام پر صحافتی وفد کی جانب سے سری لنکن ہائی کمشنر کو شیلڈ پیش کی، جبکہ ہائی کمشنر کی جانب سے وفد کو کتاب کا تحفہ دیا گیا۔