ٹیکساس کے ضلع کَر کاؤنٹی میں شدید سیلاب کے نتیجے میں کم از کم 13 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ مقامی حکام نے تصدیق کی ہے کہ یہ تعداد مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔ شیرف لیری لیتھا نے بتایا کہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور مزید ہلاکتوں کی توقع ہے۔
ٹیکساس کے قائم مقام گورنر ڈین پیٹرک نے بتایا کہ کَر کاؤنٹی کے کیمپ میسٹک میں 20 سے زائد لڑکیوں کا تاحال پتہ نہیں چل سکا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ لاپتا ہو چکی ہیں، تاہم تمام افراد کی موجودگی کی تصدیق کی جا رہی ہے۔
سی این این کے مطابق،جمعرات کی رات سے جنوبی مرکزی ٹیکساس میں 4 سے 8 انچ تک بارش ریکارڈ کی گئی ہے، جب کہ بعض مقامات پر 15 انچ تک بارش ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں ہنگامی سیلابی وارننگز جاری کی گئیں۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شام تک مزید بارش ہو سکتی ہے، کیونکہ آہستہ حرکت کرنے والے طوفان متاثرہ علاقوں پر مزید اثر ڈال سکتے ہیں۔