وفاقی تعلیمی بورڈ نے 6 اگست 2024 کو اسلام آباد ماڈل کالج فار بوائز ، ایچ نائن، اسلام آباد میں 37ویں سالانہ تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد کیا،جس میں وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
چیرمین فیڈرل بورڈ سید جنید اخلاق نےاپنے استقبالیہ خطاب میں مہمان خصوصی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، منسٹر آف فیڈرل ایجوکیشن اور پروفیشنل ٹریننگ کو فیڈرل بورڈ کی 37ویں سالانہ تقریب تقسیم انعامات برائے تعلیمی سال 2022 اور 2023 میں خوش آمدید کہااوراپنے استقبالیہ خطاب کے دوران انہوں نے ایوارڈ جیتنے والے طلبہ و طالبات کی صلاحیتوں اور محنتوں کو بھی سراہا ۔
انہوں نے تعلیمی میدان میں فیڈرل بورڈ کی کاوشوں اور کامیابیوں کا ذکر کیا اور اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے بچوں کے والدین ،اساتذہ کی کاوشوں کو بھی سراہا اور فیڈرل بورڈ سے الحاق شدہ ملکی اور غیر ملکی تعلیمی اداروں کے سربراہان کوعمدہ تعلیمی کارکردگی پر خراج تحسین پیش کیا ۔
اس موقع پر وفاقی سیکرٹری تعلیم محی الدین احمد وانی نے پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ تعلیم کو ہر دہلیز تک پہنچایا جائے تا کہ کوئی طالب علم تعلیم جیسے زیور سے محروم نہ ر ہ جائے۔
مہمان خصوصی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے پوزیشن حاصل کرنے والے پچاس طلبا کو میڈلز، نقد انعامات، لیپ ٹاپ، اور میرٹ سرٹیفیکیٹ سے نوازا ۔ یہ انعامات طلبا کی محنت اور کامیابی کی عکاسی اور ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔
مہمان خصوصی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اپنے خطاب کے دوران پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کو محنت، عزم، اور کامیابیوں پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ آخر میں انہوں نے تعلیمی معیار اور طلبا کی بہتری کے لئے حکومتی اقدامات پر روشنی ڈالی اور فیڈرل بورڈ کی جانب سے تعلیمی میدان میں کی جانے والی جدید اصلاحات کو سراہتے ہوئے فیڈرل بورڈ کو ملک کا مثالی ادارہ قرار دیا۔
اس تقریب کا انعقاد ہر سال بورڈ میں ثانوی اور اعلی ثانوی سطح پر پہلی ، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں کے اعزاز میں کیا جاتا ہے ۔