واہ کینٹ میں پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر پاکستان یوتھ لیگ والنٹیئر فورم کے زیرِ اہتمام ایک شاندار اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ یہ فورم گزشتہ 52 سالوں سے مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے لیے خدمات انجام دے رہا ہے۔ اس تقریب میں طلبہ و طالبات کے لیے ملی نغموں کے مقابلے منعقد کیے گئے جن میں علاقے کے معروف تعلیمی اداروں نے بھرپور شرکت کی۔ طلبہ کے جوش و جذبے اور ملی ولولے نے محفل کو یادگار بنا دیا۔
صدارت اور مہمانانِ خصوصی
تقریب کی صدارت انجینئر منظور حسین حسرت نے کی، جبکہ مہمانِ خصوصی چیف ایگزیکٹو سینٹ پال اسکول اینڈ کالج بختاور شوکت حیات تھے۔
مہمانانِ اعزاز میں کرنل (ر) فرخ محمود ملک، سربراہ آئینز اسکول سسٹم نعیم اشرف، ایم ایس واہ جنرل ہسپتال ڈاکٹر شازیہ اشتیاق نیازی اور پرنسپل علامہ اقبال اسکول محترمہ کنول سہیل شامل تھیں۔
نظامت اور انتظامات
تقریب کی نظامت جنرل سیکرٹری صاحب زادی تمکنت رؤف امیر نے خوش اسلوبی سے انجام دی۔
انتظامی اُمور میں صدر حافظ علی رضا اور ممبر عبدالرافع نے بھرپور حصہ لیا۔
افتتاحی کلمات چیئرمین عابد حسین نے ادا کیے جبکہ اختتامی کلمات چیف آرگنائزر عفت رؤف نے پیش کیے۔
مقابلے اور انعامات
منصفین میں شاہد محمود قاسمی، شاہد صابری اور محترمہ فاخرہ نوید شامل تھے۔ نتائج کے اعلان کے بعد نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ و طالبات کو کیش پرائزز دیے گئے۔
تقاریر اور پیغامات
بختاور شوکت حیات نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوجوان نسل آج موبائل کی منفی اثرات کی زد میں ہے، انہیں مثبت کردار سازی اور جدید تعلیم کی طرف راغب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ پاکستانی نوجوان دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں اور محنت کے بل بوتے پر کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں۔
انجینئر منظور حسین حسرت نے کہا کہ پاکستان ہزاروں قربانیوں کے بعد حاصل ہوا ہے، نوجوان نسل کو چاہیے کہ ملک کی باگ ڈور سنبھالے اور تعمیر و ترقی میں عملی کردار ادا کرے۔
کرنل (ر) فرخ محمود ملک نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف آپریشنز سے اپنا وقار بحال کیا ہے۔ یہ ملک انمول وسائل سے مالا مال ہے اور ان شاءاللہ مستقبل روشن ہے۔
نعیم اشرف نے کہا کہ نوجوان نسل اپنی نگاہ بلند رکھے، مستقل مزاجی اور محنت کو شعار بنائے تاکہ عالمی سطح پر پاکستان کا نام بلند ہو۔
جشنِ آزادی کی جھلکیاں
اس موقع پر یومِ آزادی کی مناسبت سے پرچم کے عکس والا کیک کاٹا گیا۔
سیکرٹری ثقافت شاہد سلیمان نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ملی نغمہ پیش کر کے محفل کو چار چاند لگا دیے۔ ٹیم ممبران راجا ارشد کیانی، افتخار الدین صدیقی اور محمد احمد دین نے بھی بھرپور انداز میں حصہ لیا۔
یہ تقریب ملی جوش و جذبے اور حب الوطنی کے ولولے کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی، جس نے نوجوان نسل میں آزادی کی قدر اور قومی خدمت کا جذبہ مزید اجاگر کر دیا۔