وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف سے پاکستان میں فرانس کے سفیر نکولس گیلےکی ملاقات

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور فرانس کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے فرانسیسی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔ بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں فرانس کے سفیر نکولس گیلے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے وزیراعظم سے ملاقات کی۔

اس موقع پر وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔ فرانسیسی سفیر نے فرانس کے وزیر اعظم جبریل اٹل کی طرف سے تہنیتی خط پہنچایا۔وزیراعظم نے تہنیتی پیغام پر فرانسیسی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے فرانس کے ساتھ دوستانہ اور خوشگوار تعلقات ہیں ،اگرچہ چند سال پہلے یہ تعلقات مشکل دور سے گزرے تھے لیکن اب دونوں ممالک دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لئے مل کر کام کر رہے ہیں۔

وزیر اعظم نے فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون کے ساتھ اپنی متعدد ملاقاتوں کا ذکر کیا جن میں 2022 میں اقوام متحد ہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس ، جون 2023 میں موسمیاتی تبدیلی سے متعلق نئے مالیاتی معاہدے سے متعلق پیرس کانفرنس میں ہونے والی ملاقاتیں شامل تھیں۔ انہوں نے جنوری 2023 میں جنیوا کانفرنس برائے ریزیلئنٹ پاکستان میں ورچوئل شرکت کے ذریعے صدر میکرون کی گرانقدر شراکت کو بھی سراہا۔

وزیراعظم نے صدر میکرون کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے دونوں فریقوں کی طرف سے باہمی تعاون بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور فرانسیسی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ انہوں نے فرانس کی جانب سے اعلیٰ فرانسیسی کمپنیوں کے کارپوریٹ لیڈروں کو جلد پاکستان کے دورے پر لانے کے اقدام کا خیرمقدم کیا۔

وزیراعظم نے بتایا کہ معیشت کا استحکام حکومت کے ایجنڈے میں سرفہرست ہے۔ ملاقات میں غزہ اور افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ وزیراعظم نے خطے میں فرانس کی امن کوششوں کو سراہا۔ فرانسیسی سفیر نے وزیر اعظم کا استقبال کرنے پر شکریہ ادا کیا اور انہیں دو طرفہ معاملات پر ہونے والی تازہ پیشرفت سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ دوطرفہ تعاون پر بات چیت کے لئے فرانسیسی وفد کی پاکستان آمد متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوطرفہ روابط کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ فرانس اقوام متحدہ سمیت کثیرالجہتی فورمز پر پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہشمند ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں