آذربائیجان کے بانی صدر کے نام پر نسٹ یونیورسٹی میں قائم حیدر علیوف آڈیٹوریم کا افتتاح کردیا گیا

اسلام آباد: نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں آذربائیجان کے بانی صدر کے نام پر قائم حیدر علیوف آڈیٹوریم کا افتتاح کردیا گیا۔

آذربائیجان کے قومی رہنما اور بانی صدر کے نام پر قائم کئے گئے حیدر علیوف آڈیٹوریم کا نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی(نسٹ) اسلام آباد میں باضابطہ افتتاح کردیا گیا۔

آذربائجان کے سفارتخانے کی جانب سے نست یونیورسٹی میں منعقدہ تقریب میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف، سمیت مختلف ملکوں کے سفارتکاروں اور یونیورسٹی کے پرو ریکٹر ڈاکٹر رضوان ریاض، نسٹ بزنس سکول کے پرنسپل ڈاکٹر انیس سرور سمیت یونیورسٹی کے ممبران اور طلبا و طالبات نے شرکت کی۔

اس موقع پر آذربائجان کے سفیر نے حیدر علییوف کی زندگی اور ان کی سفارتی خدمات اور آذربائیجان کی آزادی کے تحفظ اور ترقی میں حیدر علییف کے غیر معمولی کردار اور ان کی کامیابیوں پر مفصل روشنی ڈالی۔ سفیر نے پاکستان آذربائجان کے مابین گہری دوستی کو نہ صرف سراہا بلکہ کاراباخ جنگ کے دوران پاکستان عوام اور حکومت کی جانب سے سفارتی سپورٹ کو بھی سراہا۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے آذربائیجان اور پاکستان کے درمیان مضبوط تعلقات اور وقت کے ساتھ ساتھ ان میں نئی جدت کے بارے میں بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پہلا ملک تھا جس نے آذربائجان کو تسلیم کیا اور یہی وجہ ہے کہ دونوں اقوام کے مابین عوامی رابطے قائم ہیں۔

اس سے قبل سفیرخضر فرہادوف نے نسٹ یونیورسٹی میں لگائی گئیں پینٹنگ نمائش کے بارے میں سفارتکاروں، میڈیا کے نمائندوں اور دیگر شرکاء کو تفصیلا آگاہ بھی کیا۔

یاد رہے، نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں حیدر علیوف آڈیٹوریم کا افتتاح مرحوم صدر حیدر علیوف کے صد سالہ یوم پیدائش کے موقع پر کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں