اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی کا سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کابینہ کمیٹی رولز آف بزنس17(2) کے تحت قائم ہوئی ہے۔ اس حوالے سے سینیٹر رضا ربانی صاحب نے جن خدشات کا اظہار کیا، ان کی کوئی بنیاد نہیں۔
مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ کمیٹی بل تیار کرنے یا بل پیش کرنے کے لئے نہیں۔انتہائی ارجنٹ کیسز میں حکومت کو آرڈیننس جاری کرنے کا اختیار حاصل ہوتا ہے۔جبکہ آئین اور قانون نگران حکومت کو آرڈیننس جاری کرنے سے نہیں روکتا۔آئین کے آرٹیکل 89 کے اندر بھی ایمرجنسی قانون سازی کی اجازت ہے۔کابینہ کمیٹی کابینہ سیکریٹریٹ کے فنکشنز میں مدد فراہم کرنے کے لئے ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کمیٹی کے اختیارات سپریم کورٹ یا ایوان بالا سے زیادہ نہیں، قانون سازی کے لئے یہ بات ضروری ہے کہ ہم جو بھی قانون سازی کریں گے وہ آئین و قانون سے بالاتر نہ ہو۔