انڈونیشیا کے سفیر کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا الوداعی دورہ

اسلام آباد: پاکستان میں تعینات انڈونیشیا کے سفیر ایڈم ایم ٹوگیو نے کہا کہ ان کا ملک جلد ہی پاکستان کے ساتھ براہ راست پروازیں شروع کرنے کیلئے کوشاں ہے جس سے دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط مضبوط ہوں گے اور دوطرفہ کاروباری تعلقات کو بہتر فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ انڈونیشیا پاکستان کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے اور براہ راست پروازوں کا آغاز اس مقصد کے حصول میں مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل بک فاؤنڈیشن آف پاکستان میں جلد ہی انڈونیشین کارنر کا افتتاح کیا جائے گا جس سے پاکستانی عوام میں انڈونیشیا کے بارے میں بہتر آگاہی پیدا ہوگی اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات مزید بہتر ہوں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے الوداعی دورے کے موقع پر تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا اور کہا کہ وہ اس سال پاکستان میں اپنی سفارتی ذمہ داریاں ادا کرنے کے بعد واپس انڈونیشیا جا رہے ہیں ۔

ایڈم ایم ٹوگیو نے کہا کہ پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان حلال جڑی بوٹیوں کی ادویات میں باہمی تعاون کے عمدہ مواقع موجود ہیں لہذا دونوں ممالک ان سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فارماسیوٹیکل مصنوعات کافی سستی ہیں اور انڈونیشیا کی مارکیٹ میں بہتر مقبولیت حاصل کر سکتی ہیں۔

انڈونیشیا کے سفیر نے کہا کہ انڈونیشیا اگلے سال جکارتہ میں پاکستان آسیان ایکسپو منعقد کرے گا لہذا پاکستان کی تاجر برادری اس میں بھرپورشرکت کرے۔ انہوں نے جکارتہ میں تجارتی نمائش میں شرکت کے لیے اپنا وفدانڈونیشیا بھیجنے پر آئی سی سی آئی کی کاوش کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ آئی سی سی آئی باقاعدگی کے ساتھ اپنے وفود انڈونیشیا بھیجے جس سے دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان کاروباری تعلقات مضبوط ہوں گے۔

اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ پاکستان کیلئے انڈونیشیا اور آسیان خطے میں تجارت و برآمدات کے عمدہ مواقع پائے جاتے ہیں لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کاروبار کیلئے ان ممالک پر خصوصی توجہ دے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی انڈونیشیا میں مزید تجارتی وفود بھیجنے کی حوصلہ افزائی کرے گا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان کاروبار کو فروغ دینے کے نئے مواقع تلاش کئے جائیں۔

انہوں نے انڈونیشیا کے سرمایہ کاروں کو بھی دعوت دی کہ وہ پاکستان میں سیاحت کے انفراسٹرکچر سمیت دیگر شعبوں میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان، انڈونیشیا اور نائیجیریا مسلم دنیا کی بڑی مارکیٹیں ہیں لہذا انہوں نے تجویز دی کہ تینوں ممالک آپس میں ایک آزاد تجارت کا معاہدہ کرنے پر غور کریں جس سے ان ممالک کے کاروباری تعلقات مضبوط ہوں گے اور عوام کیلئے خوشحالی آئے گی۔ انہوں نے انڈونیشیا کے سفارتخانے کے ساتھ مل کر دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان کاروباری روابط کو بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
چیمبر کے سینئر نائب صدر فاد وحید نے پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان باہمی تعلقات کو بہتر بنانے کیلئے انڈونیشیا کے سفیر ایڈم ایم ٹوگیو کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ ان کے جانشین دونوں ممالک کو مزید قریب لانے کے لیے اپنا فعال کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور انڈونیشیا انفارمیشن ٹیکنالوجی ، سیاحت، فارماسیوٹیکل، ٹیکسٹائل اور کوکنگ آئل سمیت متعدد شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرسکتے ہیں۔

چیمبر کے نائب صدر اظہر الاسلام ظفر نے انڈونیشیا کے سفیر کو آئی سی سی آئی کے وفد کے انڈونیشیا کے کامیاب دورہ کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور انڈونیشیا کے حکام کی جانب سے وفد کی شاندار مہمان نوازی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ ہمایوں کبیر، فصیح اللہ خان، ملک محسن خالد اور دیگر نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید بہتر بنانے کے لیے مفید تجاویز پیش کیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں