نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی سے چین کی پولیٹیکل قونصلر باؤ ژونگ کی قیادت میں چائنیز میڈیا وفد کی ملاقات

اسلام آباد: نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی سے چین کی پولیٹیکل قونصلر مس باؤ ژونگ کی قیادت میں چائنیز میڈیا وفد کی ملاقات ہوئی ، جس میں دونوں ممالک کے مین اسٹریم میڈیا کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔

اس حوالے سے قومی ذرائع ابلاغ پی ٹی وی، ریڈیو پاکستان اور اے پی پی کے ذریعے پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبوں کو اجاگر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس نے ساتھ ساتھ اجلاس میں مزید مشترکہ رپورٹنگ، میڈیا وفود کے تبادلوں میں عملی تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق بھی کیا گیا۔

نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان چین کے صدر شی جن پنگ کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو (بی آر آئی) کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔بی آر آئی منصوبہ معاشی ترقی کے ذریعے امن اور خوشحالی لانے کا مظہر ہے۔

مرتضیٰ سولنگی کا مزید کہنا تھا کہ معاشی ترقی کے لئے سی پیک کی مرکزیت اور چین کے ساتھ آہنی دوستی کے حوالے سے عوامی آگاہی پیدا کرنے میں میڈیا کا کردار ناگزیر ہے۔پاکستان سی پیک کی اعلیٰ معیار کی ترقی کے نئے مرحلے میں چین کے ساتھ مختلف شعبوں میں روابط اور تعاون کو مضبوط بنائے گا۔

پاکستان چین کے ترقی کے تجربے سے استفادہ کا خواہاں ہے۔ غربت کے خاتمے، تحقیق و ترقی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، میڈیا اور دیگر شعبوں میں چین کی کامیابیوں سے استفادہ کریں گے۔

اس موقع پر چینی پولیٹیکل قونصلر باؤ کا کہنا تھا کہ سی پیک کو محبت کی راہداری بنایا جائے گا۔پاکستان کے ساتھ میڈیا سمیت آئی ٹی، زراعت اور صنعتی شعبے میں تعاون کو آگے بڑھائیں گے۔

ملاقات میں وفاقی سیکریٹری اطلاعات و نشریات، ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل ای پی ونگ، منیجنگ ڈائریکٹر اے پی پی، ڈائریکٹر جنرل پی بی سی اور ڈائریکٹر کرنٹ افیئرز پی ٹی وی موجود تھے۔

اپنا تبصرہ لکھیں