نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کی چین پاکستان اقتصادی راہداری CPEC پر منعقدہ راؤنڈ ٹیبل اجلاس کی صدارت

اسلام آباد: نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے بیجنگ میں آج چین پاکستان اقتصادی راہداری CPEC پر منعقدہ راؤنڈ ٹیبل اجلاس کی صدارت کی.جس میں چینی اسکالرز، تعلیمی اداروں و تھنک ٹینکس کے محقیقین نے شرکت کی۔

راونڈ ٹیبل اجلاس میں وزیرِ اعظم نے پاکستان کے چین پاکستان اقتصادی راہداری CPEC کے حوالے سے پاکستان کے علاقائی روابط اور پائیدار ترقی کے فروغ کے ویژن کا اظہار کیا. انہوں نے گزشتہ دس برس میں پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں CPEC کے مثبت کردار پر بھی روشنی ڈالی.

وزیرِ اعظم نے CPEC کے پاک چین دیرینہ دوستی اور اسٹریٹیجک شراکت داری میں کلیدی کردار کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ پاک چین دوستی باہمی تعاون اور احترام پر مبنی ہے.

گزشتہ دس برس میں CPEC پر پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے وزیرِ اعظم نے اس حوالے سے کامیابیوں، اس عمل کے دوران حاصل شدہ اسباق اور آئندہ کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے لائحہ عمل پر گفتگو کی. انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان نے CPEC کو خوشحالی، روزگار، روابط اور گرین ترقی پر مشتمل راہداری میں بدلنے پر اتفاق کیا ہے.

اپنے تاثرات میں چینی اسکالرز اور محقیقین نے CPEC کو BRI کے تحت پاکستان اور چین کے مابین بہترین شراکت داری قرار دیا. انہوں نے چینی کمپنیوں کی جانب سے پاکستان کے خصوصی سرمایہ کاری زونز میں سرمایہ کاری کی گہری دلچسپی کو خوش آئند قرار دیا جس سے سی پیک کی ترقی اور علاقائی روابط اور پائیدار ترقی کے اہداف کا حصول ممکن ہوگا.

میڈیا رپورٹس کے مطابق ، راؤنڈ ٹیبل اجلاس کے تمام شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں ملکوں کی کوششوں سے سی پیک نہ صرف علاقائی تجارت و روابط میں مرکزی حیثیت حاصل کر لے گا بلکہ یہ دونوں ملکوں کے لوگوں کے آپسی تعلقات کو بھی فروغ دیگا.

اپنا تبصرہ لکھیں