کوئٹہ: انسپکٹر جنرل (آئی جی) بلوچستان پولیس نے جمعہ کے روز نگراں وزیراعلیٰ علی مردان خان ڈومکی کو مستونگ خودکش دھماکے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ پیش کی۔
نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان علی مردان خان ڈومکی نے مستونگ خودکش دھماکے کی تحقیقات پر پیشرفت کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔
آئی جی بلوچستان عبدالخالق شیخ نے اجلاس کے شرکاء کو بریفنگ دی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ خودکش دھماکہ تھا جس میں دہشت گرد نے چھ سے آٹھ کلو گرام دھماکہ خیز مواد استعمال کیا۔
سیکرٹری صحت نے بتایا کہ زخمیوں میں سے آٹھ کی حالت نازک ہے۔
نگراں وزیراعلیٰ نے کہا کہ مستونگ دھماکے کے ابتدائی شواہد سامنے آگئے ہیں اور جلد مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ ڈومکی نے کہا کہ شہید شہریوں کے لواحقین کو معاوضے کی رقم دی جائے گی اور زخمیوں کے تمام تر طبی اخراجات صوبائی حکومت برداشت کرے گی۔