وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت جمال شاہ کا ایوان قائد اور باغ شہداء کا دورہ

اسلام آباد (سی این این اردو): عبوری وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت سید جمال شاہ نے بدھ کو فاطمہ جناح پارک، اسلام آباد میں ایوان قائد کی عمارت کا دورہ کیا اور وہاں پر موجود سہولیات کو مزید اپ گریڈ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

دورے کے دوران ایوان قائد کے اعلیٰ حکام نے وفاقی وزیر کو عمارت میں دستیاب مختلف سہولیات کے بارے میں آگاہ کیا۔

وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت نے ایوان قائد کی عمارت کی مختلف سہولیات کا بھی دورہ کیا جن میں قائداعظم گیلری، قائد پبلک لائبریری، آڈیٹوریم، دستاویزی مرکز، تربیتی اور تحقیقی مرکز شامل ہیں۔


اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ ان عوامی سہولیات کو اپ گریڈ کیا جائے گا تاکہ متعلقہ ثقافتی، تعلیمی اور ادبی سرگرمیوں کے لیے اسے مزید مفید جگہ بنایا جا سکے۔

سید جمال شاہ نے باغ شہداء کا بھی دورہ کیا جو اسلام آباد آرٹ گیلری سے ملحقہ تعمیر کیا جا رہا ہے جس میں دیگر خصوصیات کے علاوہ شہداء کی تصویر اور ایک خوبصورت یادگار بھی رکھی جائے گی جس کا مقصد لوگوں بالخصوص بچوں اور نوجوان نسل کو شہداء کی قربانیوں سے آگاہ کرنا ہے۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ باغ شہداء کا افتتاح 6 ستمبر کو ایک پروقار تقریب میں کیا جائے گا جس کے بعد ایک میوزیکل کنسرٹ ہوگا جس کا مقصد شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے اور اسلام آباد آرٹ گیلری میں آرٹ کی نمائش ہوگی۔

اپنا تبصرہ لکھیں