اسلام آباد: انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی خصوصی ہدایت پر اسلام آباد پولیس کے سکیورٹی ڈویژن میں اردل روم کا انعقاد کیا گیا۔
ایس ایس پی سکیورٹی محمد سرفراز ورک نے اردل روم کی صدارت کی، جس میں سکیورٹی ڈویژن سے وابستہ پولیس افسران نے شرکت کی اور اپنے محکمانہ و ذاتی مسائل پیش کیے۔
اردل روم کے دوران متعدد مسائل کو موقع پر ہی حل کر دیا گیا، جبکہ دیگر حل طلب امور کے لیے ایس ایس پی سکیورٹی نے متعلقہ افسران کو بروقت اقدامات کی ہدایات جاری کیں۔
ایس ایس پی محمد سرفراز ورک نے اس موقع پر کہا کہ اردل روم کے انعقاد کا مقصد پولیس افسران کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ افسران کی ویلفیئر کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
ایس ایس پی سکیورٹی محمد سرفراز ورک نے زور دیا۔
“اگر کسی افسر کو کوئی بھی مسئلہ درپیش ہو، تو میرے دفتر کا دروازہ ہمیشہ کھلا ہے۔ ہم سب نے مل کر اس شہر کی بہتری میں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ افسران کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کا بروقت حل میری اولین ترجیح ہے،”