جنسی ہراسگی کا الزام عالمی فوجداری عدالت کے پراسیکوٹر کریم خان نے رخصت لے لی

ہیگ: عالمی فوجداری عدالت میں بے ضابطگیوں کی تحقیقات پر پراسیکیوٹر کریم خان نے رخصت لے لی ۔ہالینڈ کے شہر ہیگ میں واقع عالمی فوجداری عدالت ایک آزاد ادارہ ہے۔(آئی سی سی) کے پراسیکیوٹر کریم خان بے ضابطگی کے الزامات پر اپنے خلاف تحقیقات شروع ہونے کے بعد رخصت پر چلے گئے ہیں۔ان کی ذمہ داریاں نائب پراسیکیوٹر نزہت شمیم خان اور مامے مانڈیائے نیانگ نے سنبھال لی ہیں۔

پراسیکیوٹر کریم خان نے 16 مئی کو اعلان کیا تھا کہ وہ اقوام متحدہ کے داخلی نگرانی کے ادارے (او آئی او ایس) کی جانب سے اپنے خلاف شروع کی جانے والی تحقیقات کے دوران عارضی طور پر عہدہ چھوڑ دیں گے۔کریم خان پر ایک خاتون کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات ہیں جن کی تحقیقات کے لیے ‘آئی سی سی'(عالمی فوجداری عدالت) کی گورننگ باڈی نے ‘او آئی او ایس’ کو درخواست دی تھی۔

‘آئی سی سی’ کے ریاستی فریقین کی اسمبلی کے صدر دفتر نے کہا ہے کہ ان تحقیقات کا مقصد غیرجانبدارانہ اور شفاف طریقہ کار کو یقینی بنانا ہے۔تحقیقات کے نتائج سامنے آنے کے بعد روم معاہدے اور عدالت کے قانونی فریم ورک کے تحت شفاف انداز میں آئندہ اقدامات کیے جائیں گے۔

پراسیکیوٹر کے دفتر کا کہنا ہے کہ وہ کریم کے خلاف تحقیقات میں پوری طرح تعاون کرے گا اور اس معاملے میں تمام متعلقہ لوگوں کی نجی زندگی اور حقوق کے ساتھ ‘او آئی او ایس’ کی تحقیقاتی دیانت کو تحفظ دینا ضروری ہے۔نزہت شمیم اور مامے نیانگ نے پراسیکیوٹر کے دفتر کی تمام سرگرمیوں کو جاری رکھنے کی اہمیت کو واضح کیا ہے جن میں انتہائی سنگین جرائم بشمول نسل کشی، جنگی اور انسانیت کے خلاف جرائم اور جارحیت کے جرائم کی تحقیقات اور ان پر قانونی کارروائی بھی شامل ہیں۔

‘آئی سی سی’ کے پراسیکیوٹر ایسے حساس موقع پر رخصت پر گئے ہیں کہ جب عدالت افغانستان، جمہوریہ کانگو، لیبیا، سوڈان (ڈارفر) اور یوکرین سمیت کئی مسلح تنازعات کے تناظر میں متعدد تحقیقاتی اور قانونی کارروائیاں کر رہی ہے۔

About The Author

اپنا تبصرہ لکھیں