کامونکے ، المدنی ہوٹل، کامونکی میں فاسٹ ٹریک کنسلٹنسی کے زیرِ اہتمام آسٹریلیا میں تعلیم، نوکری اور مائیگریشن کے حوالے سے ایک اہم اور معلوماتی سیشن منعقد کیا گیا۔
پاکستان کے ہر شعبہ زندگی کے افراد کے لئے آسٹریلیا میں ایک روشن مستقبل منتظر ہے۔ ان خیالات کا اظہار آسٹریلوی ماہر تعلیم شفقت علی نے ایک خصوصی سیشن میں کیا۔ تفصیلات کے مطابق آسٹریلوی ماہرِ تعلیم، مینٹور، ٹرینر اور کنسلٹنٹ شفقت علی نے مقامی میرج ہال میں آسٹریلیا میں تعلیم، ملازمت اور مائیگریشن بارے ایک خصوصی آگاہی سیشن منعقد کیا، جس میں ہر شعبہ زندگی کے افراد نے شرکت کی۔
اس خصوصی سیشن میں انہوں نے آسٹریلیا میں سٹوڈنٹ کے لئے سٹڈی ویزا، امیگریشن کا طریقۂ کار، تعلیم، ملازمت اور مستقل سکونت کی تفصیلات بتائیں۔ انہوں نے اس بارے شرکا کے سوالوں کے جوابات آسٹریلیا میں رائج قوانین کی روشنی میں دیئے، جس سے شرکا کو بہتر معلومات حاصل ہوئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ زیادہ تر لوگ بیرون ملک منتقل ہونے کا انتخاب اپنے بہتر مستقبل کے حصول کے لیے کرتے ہیں، لیکن اگر ایسا ارادہ ہو تو اپنی جان و مال کی حفاظت کرتے ہوئے ہمیشہ قانونی طریقہ اختیار کریں۔
انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ غیر قانونی ہجرت کی بنیادی وجہ مطلوبہ ملک بارے مفصل معلومات کا فقدان ہے۔ بیشتر لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ وہ ڈنکی لگا کر باآسانی کم پیسوں میں جلد اپنے پسندیده ملک منتقل ہو جائیں گے، جب کہ حقائق اس کے برعکس ہیں۔ اس لئے ایجنٹوں کی چکنی چپڑی باتوں میں نہ آئیں۔ انہوں نے کہا یہی وجہ ہے کہ غیر قانونی طریقہ سے کسی ملک جانے میں خطرات، رقم ضائع کرنا اور ہلاکتیں زیادہ ہیں۔ اس لئے اگر سٹوڈنٹس یا کوئی بھی فرد آسٹریلیا منتقل ہونے کا ارادہ رکھتا ہے تو اس ضمن میں بطور کنسلٹنٹ وہ اور ان کی ٹیم ان کی خصوصی مدد کرے گی۔
شرکاء نے آسٹریلوی کنسلٹنٹ شفقت علی کی کاوشوں اور اس خصوصی آگاہی نشست میں فراہم کی جانے والی معلومات کو بہت سراہا، جب کہ شرکا نے اس خصوصی آگاہی سیشن کو بہتر مستقبل بنانے کا سنہری موقع قرار دیا۔
فاسٹ ٹریک کنسلٹنسی کی ٹیم نے تمام معزز شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں مزید ایسے سیشنز کے انعقاد کا ارادہ ظاہر کیا۔