حکومتی سطح اور انفرادی طور پر جہاں تک ممکن ہو غریبوں کو رعایت دیں، تاجروں سے اپیل: علامہ الیاس قادری

امیر اہل سنت حضرت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت برکاتہم العالیہ نے تاجروں بالخصوص روز مرہ استعمال کی اشیاء کے کاروباری افراد سے کہا ہے کہ رمضان المبارک کی آمد کے موقع پر اس مقدس ماہ میں غریبوں، علمائے کرام اور سادات کرام کے ساتھ حسن سلوک کیا جائے اور انہیں تحفہ طور پر اشیاء فراہم کی جائیں یا کم از کم مناسب قیمت پر سامان مہیا کیا جائے تاکہ ان کی مدد کی جا سکے۔ یہ بات انہوں نے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ میں منعقد ہونے والے مدنی مذاکرے میں ویڈیو لنک کے ذریعے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

حکومتی سطح اور انفرادی طور پر جہاں تک ممکن ہو غریبوں کو رعایت دیں ،تاجروں سے اپیل

امیر اہل سنت نے کہا کہ تجارت کا ایک اہم اصول یہ ہے کہ اگر آپ سستا سامان فروخت کریں گے تو آپ کے گاہکوں میں اضافہ ہوگا اور آپ کا کاروبار ترقی کرے گا، ساتھ ہی آپ کی نیک نامی بھی بڑھے گی اور لوگ آپ کو عزت دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماہ رمضان میں اللہ کی رحمت کے دروازے کھول دیے جاتے ہیں، اور ہمیں اس موقع پر زیادہ سے زیادہ غریبوں کی دعائیں حاصل کرنی چاہیے۔

مقدس ماہ میں غریبوں کے ساتھ ساتھ علماء و سادات کرام کا بھی بالخصوص خیال رکھا جائے

امیر اہل سنت نے توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ مردوں کو تو باہر کھانے کی سہولت مل جاتی ہے، لیکن گھروں میں موجود بیٹیاں اکثر سہولتوں سے محروم رہتی ہیں۔ انہوں نے تاجروں سے درخواست کی کہ وہ غریب علاقوں میں مخصوص مقامات پر کھانے پینے کی اشیاء فراہم کریں تاکہ وہاں کے لوگ بھی رمضان کے فوائد سے استفادہ کر سکیں۔

حضرت علامہ الیاس قادری نے مزید کہا کہ جو شخص روزے دار کو صرف پانی کے ایک گھونٹ سے افطار کراتا ہے، اسے روزے دار کے برابر اجر ملتا ہے۔ تو اس بات پر غور کریں کہ کھانا کھلانے والے کو کتنا بڑا اجر ملے گا۔ اس لیے، انہوں نے حکومتی سطح اور انفرادی طور پر اپیل کی کہ جہاں تک ممکن ہو غریبوں کو رعایت دیں تاکہ ملک کے عوام خوشحال ہوں اور ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔

About The Author

اپنا تبصرہ لکھیں