اسلام آباد،وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات محترمہ عنبرین جان نے کہا ہے کہ پاک بھارت جنگ میں تکبر اور غرور کو شکست ہوئی، دنیا نے پہلی بار جھوٹ اور پراپیگنڈے پر مبنی خبروں کو رد کرتے ہوئے سچائی پر مبنی خبروں پر اعتماد کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس جنگ میں پاکستانی میڈیا کے مثبت کردار کو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

یہ بات انہوں نے آل پاکستان نیوز پیپرز اینڈ الیکٹرانک میڈیا ایمپلائیز کنفیڈریشن (ایپنک) اور میڈیا ورکرز آرگنائزیشن (ایم ڈبلیو او) کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ وفد نے وزارت اطلاعات و نشریات اسلام آباد کے کیبنٹ ڈویژن میں سیکرٹری اطلاعات سے ملاقات کی اور انہیں ستارہ امتیاز ملنے پر مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل آئی پی عاشق حسین شیخ بھی موجود تھے۔
وفد کی قیادت چیئرمین ایپنک محمد صدیق انظر نے کی، جبکہ وفد میں ایم ڈبلیو او کے صدر کلیم شمیم، جنرل سیکرٹری راجہ جاوید، ایپنک خواتین ونگ کی چیئرپرسن صوبیہ خان، ایگزیکٹو کونسل کے سینئر رکن عابد چوہدری، ممبر این ای سی عمران اشرف اور سینئر صحافی اشتیاق عباسی شامل تھے۔

وفد نے پاک بھارت جنگ کے دوران وزارت اطلاعات کے کردار کو سراہا اور سیکرٹری اطلاعات سے مطالبہ کیا کہ پرنٹ میڈیا، بالخصوص جنگ اور دی نیوز سے ملازمین کی جبری برخاستگیوں کے معاملے میں فوری کردار ادا کیا جائے۔ وفد نے حکومت کے مقررہ کردہ کم از کم 40 ہزار روپے تنخواہ کے اطلاق پر عمل درآمد کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ مزید برآں، صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے لیے وزیراعظم ہیلتھ انشورنس اسکیم کے تحت اسٹیٹ لائف کے ساتھ 18 ہزار مزید ملازمین کی رجسٹریشن پر بھی بات چیت کی گئی۔