سی پیک کے تحت ساہیوال کول پاور پلانٹ سے 1320 میگاواٹ بجلی کی پیداوار، 40 لاکھ گھر مستفید ہورہے ہیں

اسلام آباد چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت تعمیر ہونے والا ساہیوال کول پاور پروجیکٹ 1320 میگاواٹ بجلی فراہم کر رہا ہے۔ اس منصوبے کو 16 قومی اور 28 صوبائی ایوارڈز سے نوازا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق، ساہیوال کول پاور پلانٹ پاکستان میں سی پیک کے تحت پہلا منصوبہ ہے جس کی تعمیر کا آغاز 2015 میں چین کے معروف ادارے “ہواننگ شان تونگ روئی انرجی” کی جانب سے کیا گیا، اور 2017 میں اسے باقاعدہ فعال کردیا گیا۔

یہ پلانٹ سپر کریٹیکل بوائلر ٹیکنالوجی سے لیس ہے اور جغرافیائی لحاظ سے لاہور، فیصل آباد اور ملتان جیسے اہم شہروں کے پاور لوڈ سنٹر پر واقع ہے۔ ساہیوال کول پاور پلانٹ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے صاف اور ماحول دوست توانائی فراہم کر رہا ہے۔

اس منصوبے میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج کو کم کرنے کے لیے 50 ہزار سے زائد درخت لگائے گئے ہیں اور مزید درخت لگانے کا عمل جاری ہے۔ فلو گیس سے راکھ نکالنے اور ڈی سلفرائز کرنے کے لیے جدید ای ایس پی اور ایف جی ڈی ٹیکنالوجی استعمال کی جا رہی ہے، جو ماحولیات کے تحفظ کے معیارات سے کہیں زیادہ بہتر ہیں۔

ساہیوال کول پاور پروجیکٹ پاکستان کے 40 لاکھ سے زائد گھروں کو روشن کرنے کے ساتھ ساتھ ماحول دوست توانائی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں